ڈاکٹر صدیقی کی تحقیق:جگر کے کینسر کا باعث بننے والے پروٹین کی دریافت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-11-2021
ڈاکٹرحفظ الرحمان صدیقی کی تحقیق: لیور کینسرکاسبب کیا ہے؟
ڈاکٹرحفظ الرحمان صدیقی کی تحقیق: لیور کینسرکاسبب کیا ہے؟

 

 

دولت رحمان/ گوہاٹی

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر حفظ الرحمان صدیقی کے والدین کا انتقال  کینسر سے ہوگیا تھا،اس کے بعد سائنس داں حفظ الرحمان صدیقی جگر کے کینسر کی بیماری کا علاج دریافت کرنے میں لگ گئے اور بالآخر انہوں نے وہ دریافت کرڈالا۔آج ان کی تحقیق کے نتائج نے اس مہلک بیماری کے علاج کے لیے عالمی طبی برادری میں امید کی کرن پیدا کر دی ہے۔

ڈاکٹر حفظ الرحمان صدیقی کہتے ہیں کہ میرے والد معین الدین صدیقی کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے، جب کہ والدہ اصغرالنسا چوہدھری جگر کے کینسر سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئیں۔اس کے بعد میرے والدین کی موت  جگر کے کینسر کی صحیح وجوہات پر  تحقیق میری زندگی کا سب سے بڑا چیلنج بن گئی۔

 ڈاکٹر صدیقی کا تعلق ریاست آسام سے ہے۔ انہوں نےآواز دی وائس کو بتایا کہ انہیں حال ہی میں نیشنل اکیڈمی آف سائنسز، انڈیا (NASI) کے رکن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر صدیقئ نے لاس اینجلس میں یونیورسٹی آف سوتھرن کیلیفورنیا(University of Southern California)کے پروفیسر کیگو مچیڈا(Prof Keigo Machida) اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ یہ تحقیق کی ہے۔

انہوں نے مشترکہ طور پر یہ بات دریافت کی ہے کہ انسانی جسم میں پروٹین بنانے والے کینسر کے خلیے جگر میں ٹیومر کی افزائش کا سبب بنتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق زیادہ شراب نوشی یا ہیپاٹائٹس کے انفیکشن کے نتیجے میں انسانی جسم میں پروٹین بنانے والے مہلک خلیے بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق  ممکنہ علاج کے ہدف کے طور پر کام کر سکتی ہے اور جگر کے کینسر کے لیے انتظامی حکمت عملی کو ایک سمت دے سکتی ہے۔

ڈاکٹر صدیقی اور ان کے دیگر ساتھیوں کا مقالہ حال ہی میں معروف جریدے 'نیچر کمیونیکیشنز 11' (Nature Communications 11-2020) میں شائع ہوا۔ جریدے کے ادارتی دفاتر لندن، برلن، نیو یارک اور شنگھائی میں ہیں۔

awaz

ڈاکٹر صدیقی نے کہاکہ جگر کو ہمارے جسم کا پاور ہاؤس سمجھا جاتا ہے۔ لیکن طرز زندگی میں تبدیلی، شراب نوشی اور ہیپاٹائٹس وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے جگر کے کینسر کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

تاہم یہ جزوی طور پر اب تک سمجھا جاتا ہے کہ عام جگر کے خلیے بالکل کینسر کیسے بن جاتے ہیں۔ ہمارے نتائج سے امید کی جاتی ہے کہ موجودہ وقت میں جگر کے کینسر کی تباہی پر قابو پانے میں سائنسی برادری کی مدد کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحقیق نے کینسر پیدا کرنے والے پروٹین TBC1D15 کے مالیکیولر میکانزم(molecular mechanisms) کو دریافت کیا ہے۔ کینسر کے خلیات اور کینسر کے اسٹیم سیلز TBC1D15 کو جمع کرتے ہیں، جو بیماری میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

خاندانی طور پر ڈاکٹر حفظ الرحمان صدیقی کریم گنج ضلع کے ایک دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں، ایک دہائی سے ان خلیوں پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ان دنوں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں کینسر اسٹیم سیلز پر تحقیق شروع کرنے کے لیے ایک لیب قائم کر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے مقالے کے ذریعے واضح کیا کہ الکوحل کا استعمال اور ہیپاٹائٹس کا انفیکشن سٹیم سیل فیکٹر اور کینسر سٹیم سیلز کی نسل کے ذریعے جگر کے کینسر کی تشکیل کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جگر کا کینسر زیادہ تر ترقی پذیر یا کم ترقی یافتہ ممالک میں پایا جاتا ہے جہاں 80-83 فیصد مریض پائے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر صدیقی جو کہ اے ایم یو میں شعبہ زولوجی کے فیکلٹی بھی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الکوحل کا استعمال، ہیپاٹائٹس وائرس کا انفیکشن دنیا بھر میں صحت کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور جگر کے کینسر کے لیے اہم عامل سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الکوحل کا زیادہ استعمال مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے جس میں سائروسیس اور بالآخر جگر کا کینسر شامل ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر صدیقی کے پہلے تحقیقی پراجیکٹس کو بھی قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پذیرائی ملی تھی۔ انہیں سوسائٹی آف بیسک یورولوجک ریسرچ، یو ایس اے سے ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ 2010، انڈین اکیڈمی آف بائیو میڈیکل سائنسز سے 2017 میں فرح دیبا ایوارڈ، بنکاک میں انوویٹیو ریسرچر آف دی ایئر سوسائٹی آف فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ 2019 میں ان کی اشاعتیں تھیں۔

امریکی اور ہندوستانی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا جیسے نیویارک ٹائمز، وال اسٹریٹ جرنل، دی اسٹریٹ وغیرہ میں وقتاً فوقتاً ان کی چیزیں شائع ہوتی رہتی ہیں۔

وہیں سن 2014 میں ان کے علاج سے مزاحم کینسر(therapy-resistant cancer)پر کام کو یو ایس اے ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس کے "2014 ریسرچ ہائی لائٹس" سیکشن کے تین "فیچرڈ پروسٹیٹ کینسر ریسرچ" میں سے ایک کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔