ڈاکٹرکفیل احمدخان کی عرضی پریوپی سرکارکونوٹس

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 03-08-2021
ڈاکٹرکفیل احمدخان کی عرضی پریوپی سرکارکونوٹس
ڈاکٹرکفیل احمدخان کی عرضی پریوپی سرکارکونوٹس

 

 

پریاگراج

الہ آباد ہائی کورٹ نے اترپردیش حکومت کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈاکٹر کفیل احمد خان کی طرف سے دائر کی گئی ایک رٹ پٹیشن پر ریاستی حکومت سے ہدایات لیں.یہ رٹ ان کے بی آر ڈی میڈیکل کالج ، گورکھپور سے معطلی کو چیلنج کے سلسلے میں ہے۔

ڈاکٹر کفیل خان کو 22 اگست 2017 کو بی آر ڈی میڈیکل کالج سے سروس سے معطل کر دیا گیا تھا جب ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث تقریبا 60 شیر خوار بچوں کی موت ہو گئی تھی۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 5 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔ موجودہ رٹ پٹیشن میں ڈاکٹر کفیل خان نے 22 اگست 2017 کو معطلی کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔

ڈسپلنری اتھارٹی کی طرف سے 24 فروری 2020 کوجاری ایک آرڈر کو بھی چیلنج کیا گیا ہے ، جس میں انکوائری آفیسر کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو جزوی طور پر قبول کیاگیاہے۔

اس سے قبل ، درخواست گزار نے اس بنیاد پر رٹ دائر کر کے عدالت سے رجوع کیا تھا کہ اگرچہ اسے 2017 میں معطل کر دیا گیا تھا ، لیکن اس درخواست کے دائر ہونے تک تحقیقات کی کارروائی ختم نہیں ہوئی تھی۔ اس رٹ پٹیشن پر عمل کرتے ہوئے عدالت نے 7 مارچ 2019 کو رٹ پٹیشن کو نمٹاتے ہوئے مدعا علیہان کو ہدایت کی کہ وہ تین ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کریں۔

ہائی کورٹ کی اس ہدایت کے تحت تفتیشی افسر نے 15 اپریل 2019 کو اپنی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد ، ڈسپلنری اتھارٹی نے تقریبا 11 ماہ کے بعد چیلنج کے تحت آرڈر دینے کا فیصلہ کیا۔

اس کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے کہا ، "ڈسپلنری اتھارٹی کی جانب سے مزید کاروائی کرنے میں تاخیر کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے یہ دلیل بھی دی گئی کہ آکسیجن کی کمی کے اس کیس میں اس کے ساتھ کم از کم آٹھ افراد کو معطل کیا گیا تھا ، لیکن درخواست گزار کے علاوہ سب کو بحال کر دیا گیا۔