عفت نے کی دنیا کے سب سے تیز چمکنے والے مادے کی کھوج

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-03-2021
عفت بنیں گورکھپور کی رول ماڈل
عفت بنیں گورکھپور کی رول ماڈل

 

 

گورکھپور :دین دیال اپادھیاے گورکھپور یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والی عفت امین خواتین کے لئے رول ماڈل کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ فیلوشپ سے پڑھائی کرنے والی ہونہار عفت نے مختلف کیمیکل مادوں کی مدد سے ریڈیم کی خوبیوں والے دنیا کے سب سے تیز چمکنے والے مادے کی کھوج کی ہے ۔ عفت کا ایجاد کردہ مادہ اندھیرے میں روشنی فراہم کرنے والے مادوں کا متبادل ہوسکتا ہے۔ اس سلسلے میں کئی دوسری تحقیقات بھی شروع ہو گئیں ہیں ۔

عفت گورکھپور کے گھاسی کٹرہ کے رہایشی امین الله انصاری کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے دین دیال اپادھیاے گورکھپور یونیورسٹی سے ہی بے ایس سی اور ایم ایس سی کی بھی تعلیم پوری کی ہے ۔ اس کے بعد انہوں نے اسی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی بھی کی- عفت کے والد ایک ٹھیکیدار ہیں اور ان کی والدہ یاسمین ایک استانی ہیں۔ دو بھائی اور دو بہنوں میں وہ سب سے چھوٹی ہیں۔

گذشتہ کونووکیشن میں انہیں ان کی منفرد تحقیق کے لئے گرو گورکش ناتھ گولڈ میڈل سے نوازا گیا تھا ۔ عفت ابھی اندور پالی ٹیکنیک میں نوکری کر رہی ہیں ۔ نوکری کے ساتھ ساتھ ان کا تحقیقی مشغلہ بھی جاری ہے۔  دنیا کے سب سے تیز چمکنے والے مادے کے حوالے سے لکھےگئے ان کے تحقیقی مقالات بین الاقوامی سطح کے سات جرنلس میں شائع ہو چکے ہیں۔