جموں و کشمیر اور لداخ کے عازمین کی روانگی 5 جون سے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2022
جموں و کشمیر اور لداخ کے عازمین کی روانگی 5 جون سے
جموں و کشمیر اور لداخ کے عازمین کی روانگی 5 جون سے

 

 

سرینگر :: جموں و کشمیر اور لداخ کے کم از کم 6000 عازمین اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لیے کوویڈ 19 کی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد دو سال بعد حج کا سفر دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ڈویژنل کمشنر پی کے پولے نے  حج ہاؤس بمنہ کے دورے کے دوران میڈیا کو بتایا کہ 6000 عازمین میں سے5400 وادی کشمیر اور دیگر جموں اور لداخ سے روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 جون سے سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روزانہ دو سے تین حج پروازیں روانہ ہوں گی اور 15 دن تک جاری رہیں گی جب تک کہ تمام عازمین حج کے لیے سعودی عرب روانہ نہیں ہو جاتے۔انہوں نے کہا کہ لداخ اور جموں سے آنے والے عازمین تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روانگی سے تین دن قبل سری نگر حج ہاؤس پہنچیں گے اور ان کے قیام و طعام کے انتظامات حج ہاؤس کے اہلکار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے حاجیوں کی آمد کا شیڈول بھی اسی کے مطابق یہاں موصول ہوتے ہی ترتیب دیا جائے گا۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عازمین حج کے لیے حج ہاؤس سرینگر میں تمام مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عازمین کو سعودی عرب کا سفر آسانی سے کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ عازمین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حاجیوں کو کورونا ٹیسٹ کرانا ضروری ہے کیونکہ وہ حج کے لیے سعودی عرب جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے 72 گھنٹے پہلے لازمی ہے۔پول نے کہا کہ ٹیسٹ کرانے کے لیے تمام سہولیات جے وی سی  میڈیکل کالج بمنہ میں دستیاب کر دی گئی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عازمین کو سعودی عرب کے آسان سفر کے لیے فلائٹ میں سوار ہونے کے لیے سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روانگی سے قبل تمام رسمی کارروائیوں کو پورا کرنے کے لیے 4سے4.30 گھنٹے قبل حج ہاؤس پہنچنا پڑتا ہے۔