دیو بند :علما نے کی پاکستان میں لنکائی مینیجر کی ہلاکت کی مذمت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2021
دیو بند :علما نے کی پاکستان میں لنکائی  مینیجر کی ہلاکت کی مذمت
دیو بند :علما نے کی پاکستان میں لنکائی مینیجر کی ہلاکت کی مذمت

 

 

دیوبند:(ایچ ایف خان)

پاکستان کے سیالکوٹ میں جمعہ کے روز ایک شری لنکائی شہری پرتوہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے ہجوم کے ذریعہ حملہ کر کے اس کو قتل کئے جانے کے معاملے میں شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے علمائے دیوبند نے اعلی سطحی جانچ کراکر قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے مزکورہ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت سوز واقعات دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں،کسی بھی مذہب اور فرقہ کے لوگ اس کو انجام دیں وہ قابل مذمت اور قابل نفرت ہیں-

،پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں شری لنکائی شہری کے ساتھ ہونے والا واقعہ اس لئے بھی قابل مذمت ہے کہ پاکستان اسلامی حکومت ہونے کا دعوہ کرتا ہے اور مذہب اسلام انسان کے ذریعہ انسان کے اوپر ظلم کی کبھی اجازت نہیں دیتا۔

قرآن پاک میں اللہ فرماتا ہے کہ جس نے کسی ایک انسان کا قتل کیا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا۔مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے کہا کہ پوری دنیا کے امن پسند لوگوں کو اس بد ترین واقعہ کی مذمت کرنی چاہئے اور شخص کے انصاف کے لئے آواز بلند کرنی چاہئے جس کے ساتھ ظلم ہوا ہے تاکہ اس کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے اور مذہب اسلام کی صحیح تعلیمات دنیا کے سامنے آ سکیں۔

دارالعلوم فاروقیہ دیوبند کے مہتمم مولانا نور الہدی قاسمی بستوی نے پاکستان کے سیالکوٹ میں شری لنکن شہری کو تشدد کرکے ہلاک کئے جانے کے معاملے میں سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر تحقیق ہوئے کسی کو قتل کی سزا سنا دینا کہاں کا انصاف ہے-

انہوں نے پاکستان کی حکومت سے شری لنکائی شخص کو قتل کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دارالعلوم اشرفیہ دیوبند کے مہتمم مولانا سالم اشرف قاسمی نے مزکورہ واقعہ کو پاکستان کے لئے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماب لنچنگ کے اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان ہر محاذ پر ناکام ثابت ہو رہی ہے-

انہوں نے کہا توہین مذہب کے مبنیہ الزام میں کسی کو قتل کرنے کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے پاکستان میں اس طرح کے واقعات کا ہونا عام بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے اس عمل سے غیر مسلم ممالک میں رہنے والے تمام مسلمانوں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے،اس لئے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے تاکہ غیر مسلموں کے درمیان مثبت پیغام جائے۔