دہلی: نندنگری میں قتل کے بعد کشیدگی، ملزمان گرفتار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-10-2022
دہلی: نندنگری میں قتل کے بعد کشیدگی، ملزمان گرفتار
دہلی: نندنگری میں قتل کے بعد کشیدگی، ملزمان گرفتار

 

 

نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے نند نگری علاقے میں ڈی ایم آفس کے قریب ہفتہ کی شام ایک نوجوان کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ متوفی کی شناخت سندر نگری کے رہنے والے منیش کے طور پر ہوئی ہے۔ قتل کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ کچھ شرپسند عناصر نے اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی۔ کچھ دیر بعد دو طبقے آمنے سامنے آگئے۔ بہت ہنگامہ مچ گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو سنبھالا۔ بعد ازاں دونوں طبقوں کے لوگوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ خبر لکھے جانے تک علاقے میں کشیدگی کا ماحول تھا۔ پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو موقع پر تعینات کیا گیا تھا۔

پولیس کے اعلیٰ افسران خود موقع پر موجود تھے۔ قتل کیس میں پولیس نے رات گئے ہی تین لڑکوں عالم، بلال اور فیضان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

پولس معاملہ درج کرکے ہر نقطہ نظر سے جانچ کررہی ہے۔ جانکاری کے مطابق، ہفتہ کی رات پولیس کو اطلاع ملی کہ نند نگری ڈی ایم آفس کے قریب کچھ لڑکوں نے ایک نوجوان کو چاقو مارا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

مقامی لوگ منیش کو اسپتال لے گئے، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ جیسے ہی مقامی لوگوں کو منیش کی موت کی اطلاع ملی۔ وہ سڑک پر آگئے۔ منیش کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ یہ جرم محسن اور قاسم کے کہنے پر جیل میں انجام دیا گیا۔ دو سال قبل دونوں نے منیش پر جان لیوا حملہ کرکے اسے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔

اس وقت منیش نے ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ پچھلے کچھ دنوں سے منیش کو کیس واپس لینے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ مقدمہ واپس نہ لینے پر منیش کو قتل کرنے کی بات کہی گئی۔

منیش کی موت کے بعد کچھ لوگوں نے اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دے دیا۔ اس کے بعد ایک برادری کے لوگ نند نگری مین روڈ پر آگئے اور نعرے لگانے لگے۔ دوسری برادریوں کے لوگ بھی پہنچ گئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر پولیس فورس کو موقع پر بھیج دیا گیا۔

لوگوں کو منانے کے بعد واپس بھیجنے کی کوشش کی گئی۔ لوگ بہت ناراض تھے۔ ان لوگوں نے سڑک بھی بلاک کر دی۔ رات دیر گئے ضلع ڈپٹی کمشنر آف پولیس موقع پر موجود تھے۔ پولیس نے جب مقامی لوگوں کو تینوں لڑکوں کی گرفتاری کی اطلاع دی تو لوگوں کا غصہ تھم گیا۔