دہلی کے کیجریوال ماڈل کو پنجاب میں کیا گیا قبول

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-03-2022
دہلی کے کیجریوال ماڈل کو پنجاب میں کیا گیا قبول
دہلی کے کیجریوال ماڈل کو پنجاب میں کیا گیا قبول

 

 نئی دہلی/چنڈی گڑھ،

پنجاب میں پارٹی کی تاریخی جیت پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اتنے بڑے مینڈیٹ سے ڈر لگتا ہے لیکن اپنی امیدوں اور امنگوں پر پورا اتریں گے.

پنجاب میں پارٹی کی بڑی جیت پردہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی موجودگی میں مسٹر کیجریوال نے کہا کہ یہ نتیجہ ریاست کی سیاست میں ایک بڑا انقلاب ہے۔ بڑی بڑی کرسیاں ہل گئی ہیں۔

وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل، کیپٹن امریندر سنگھ اور راجندر کور بھٹل، سکھبیر سنگھ بادل، نوجوت سنگھ سدھو، بکرم سنگھ مجیٹھیا جیسے تجربہ کار لیڈروں کو ریاست کے عوام نے کراری شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یں ریاست کےعوام نے کمال کردیا ہے۔

یہ بہت بڑا انقلاب ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ’’ہمیں غرور نہیں کرنا ہے۔ محبت، پیار اور خدمت کی سیاست کرنی ہے۔ آپ کے کنوینر نے کہا ’’بھگت سنگھ نے ایک بار کہا تھا کہ اگر آزادی حاصل کرنے کے بعد سسٹم نہیں بدلا اور صرف یہی سوچ کر رہ گئے کہ ہم نے انگریزوں کو ملک سے نکال دیا ہے، تو کچھ نہیں ہونے والا۔

 عام آدمی پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت درج کرکے قومی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے اور محض ایک دہائی کے اندر پارٹی دہلی کے بعد پنجاب میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے پنجاب اسمبلی کے تازہ ترین رجحانات کے مطابق،آپ ریاست کی کل 79 سیٹ جیت چکی ہے۔اور 13 پر آگے چل رہی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی دو، شرومنی اکالی دل چھ اور ایک اسمبلی حلقے میں آزاد امیدوار آگے ہے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ریاست کے لوگوں کو پارٹی کے پنجاب میں زبردست جیت کی جانب گامزن ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے پنجاب میں پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے چہرے بھگونت مان کے ساتھ اپنی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’پنجاب کے لوگوں کو اس انقلاب کے لیے بہت بہت مبارک ہو‘‘۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے دہلی حکومت کے ’کیجریوال ماڈل‘ کو قبول کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی انتخابات کے ابتدائی رجحانات کا جواب دیتے ہوئے سسودیا نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے حکمرانی کے’کجریوال ماڈل‘ کو ایک موقع دیا ہے۔

انہوں نے کہا ’’آج یہ ماڈل قومی سطح پر قائم ہو چکا ہے۔ یہ عام آدمی کی جیت ہے‘‘۔ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے ریاستی اسمبلی میں بھاری اکثریت حاصل کرنے پر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو مبارکباد دی ہے۔

جمعرات کو ایک ٹویٹ میں مسٹر سدھو نے کہا کہ عوام کی مرضی خدا کی مرضی ہے۔ عوام کا مینڈیٹ دل سے قبول ہے۔ انہوں نے کہا ’’لوگوں کی آواز خدا کی آواز ہے۔ پنجاب کا مینڈیٹ عاجزی سے قبول ہے۔ آپ کو مبارک ہو‘‘