نئی دہلی : قومی دارالحکومت کی فضائی کیفیت بدھ کے روز مزید خراب ہو گئی، صبح 8 بجے مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 413 ریکارڈ کیا گیا، جو "انتہائی خطرناک" (Severe) زمرے میں آتا ہے، حالانکہ دہلی اور این سی آر میں گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (GRAP) کا تیسرا مرحلہ نافذ ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کے بیشتر مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے آلودگی کی خطرناک سطحیں درج کیں، جن میں AQI 400 سے تجاوز کر گیا۔
تمام اسٹیشنوں میں وزیرپور نے سب سے زیادہ 459 کا AQI ریکارڈ کیا، جو "انتہائی خطرناک" درجے میں آتا ہے، جب کہ NSIT دوارکا میں AQI 215 ریکارڈ ہوا، جو "خراب" (Poor) زمرے میں شامل ہے۔
زیادہ تر مقامات پر فضا کی کیفیت "انتہائی خطرناک" رہی۔ علی پور میں AQI 431، آنند وہار 438، آشوگ وہار 439، آیا نگر 405، باوانا 451، بُراری کراسنگ 439، چندنی چوک 449، جہانگیرپوری 446، موندکا 442، نہرو نگر 440، اوکھلا فیز-2 میں 418 اور پٹ پرگنج میں 436 ریکارڈ کیا گیا۔
کچھ علاقوں میں آلودگی کی سطح نسبتاً کم رہی، مگر وہ بھی "انتہائی خراب" (Very Poor) زمرے میں شامل رہے۔ ان میں ڈی ٹی یو دہلی (373)، آئی جی آئی ایئرپورٹ ٹی3 (395)، لوک نائک ہسپتال (307)، لوڈی روڈ (309)، نجف گڑھ (384) اور شادی پور (392) شامل ہیں۔
CPCB کے مطابق، AQI کی درجہ بندی کچھ اس طرح ہے: 0-50 "بہترین"، 51-100 "اطمینان بخش"، 101-200 "درمیانہ"، 201-300 "خراب"، 301-400 "انتہائی خراب" اور 401-500 "انتہائی خطرناک"۔
ہوا کے معیار میں تیزی سے بگاڑ کے پیشِ نظر، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (CAQM) نے گریپ (GRAP) کے تیسرے مرحلے کے تحت پورے این سی آر میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔
سی اے کیو ایم کی ذیلی کمیٹی نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب دہلی کا AQI پیر کے 362 سے بڑھ کر منگل کی صبح 425 تک پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجوہات کم ہوا، مستحکم فضا اور ناموافق موسمی حالات ہیں۔
بگڑتی فضا کے پیشِ نظر دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے اعلان کیا کہ جماعت 5 تک کے اسکول ہائبرڈ موڈ میں چلیں گے، یعنی آن لائن اور کلاس روم دونوں طریقوں سے تاکہ بچوں کو زہریلی ہوا کے اثر سے بچایا جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق، یکم جنوری سے 9 نومبر 2025 تک دہلی کا اوسط AQI 175 ریکارڈ ہوا، جو گزشتہ سال کے 189 سے قدرے بہتر ہے۔ تاہم، PM2.5 اور PM10 کی سطحیں بالترتیب 75 µg/m3 اور 170 µg/m3 رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کچھ کم ضرور ہیں، مگر اب بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔ یہ اعداد و شمار وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی رپورٹ میں دیے گئے ہیں۔