کورٹ نے دی نظام الدین مرکز کو 14 اکتوبر تک کھلا رکھنے کی اجازت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-05-2022
کورٹ نے دی نظام الدین مرکز کو 14 اکتوبر تک کھلا رکھنے کی اجازت
کورٹ نے دی نظام الدین مرکز کو 14 اکتوبر تک کھلا رکھنے کی اجازت

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو اپنے عبوری حکم میں نظام الدین مرکز میں واقع بنگلہ والی مسجد کی پانچ منزلہ عمارت کو نماز کی ادائیگی کے لیے 14 اکتوبر2022 تک دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی۔

جسٹس جسمیت سنگھ نے یکم اپریل کے عبوری حکم کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ 14 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کی اگلی تاریخ تک سابقہ ​​حکم جاری رکھے گا۔

بنگلہ والی مسجد میں کوویڈ پازیٹو کیسز میں اضافے کے بعد مرکز کو 3 مارچ 2020 سے بند کر دیا گیا تھا۔ 16 مارچ کو ہائی کورٹ نے شب برات کے پیش نظر اسی طرح کی شرائط و ضوابط کے ساتھ لوگوں کے لیے مسجد کھولنے کی اجازت دی تھی۔

اسی بنچ نے رمضان کے دوران پابندیوں میں نرمی کی دہلی وقف بورڈ کی درخواست کو اجازت دیتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ کووڈ پروٹوکول اور سماجی دوری کے اصولوں کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔

اس نے یہ بھی واضح کیا کہ 'تبلیغی سرگرمیوں' سمیت کوئی لیکچر احاطے میں نہیں ہوسکتا ہے اور ہدایت کی ہے کہ صرف نماز پڑھی جاسکتی ہے۔

اس نےانتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہر منزل پر سی سی ٹی وی کیمروں سے بھیڑ کی نگرانی کریں۔

دریں اثنا دہلی پولیس نے مرکز کے انتظامیہ سے کہا ہے کہ 'داخلی اور خارجی دروازوں کے ساتھ ساتھ ہر منزل کی سیڑھیوں پرغائب سی سی ٹی وی کیمروں کو دوبارہ نصب کیا جائے۔