جامع مسجد کے ارد گرد غیر قانونی تعمیرات پر کورٹ کا ایم سی ڈی کو نوٹس

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-04-2022
جامع مسجد کے ارد گرد غیر قانونی تعمیرات پر کورٹ کا ایم سی ڈی کو نوٹس
جامع مسجد کے ارد گرد غیر قانونی تعمیرات پر کورٹ کا ایم سی ڈی کو نوٹس

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

دہلی ہائی کورٹ نے جامع مسجد کے علاقے میں کئی "محفوظ یادگاروں" کے ارد گرد مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔

قائم مقام چیف جسٹس وپن سنگھا اور جسٹس نوین چاولہ کی ڈویژن بنچ نے جواب دہندگان کے حکام بالخصوص شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن، جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ وسیع علاقوں میں مزید غیر قانونی تعمیرات نہ ہوں۔

اس کے علاوہ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو ہدایت کی گئی کہ وہ عدالتی احکامات کی "سختی سے تعمیل" کو یقینی بنائیں۔

یہ ہدایت سویلین ویلفیئر چیریٹیبل ٹرسٹ کے چیئرمین محمد کامران کی جانب سے دائر درخواست میں سامنے آئی ہے۔

یہ الزام لگایا گیا تھا کہ قدیم یادگاروں اور آثار قدیمہ کے مقامات اور باقیات ایکٹ 1958 سے قطع نظر جامع مسجد کے ارد گرد بڑے پیمانے پر غیر مجاز تعمیرات جاری ہیں۔

مذکورہ ایکٹ ایک محفوظ یادگار کے 100 میٹر کے اندر تعمیرات پر پابندی لگاتا ہے۔

عدالت نے اپنےحکم میں کہا کہ درخواست گزار نے کئی تصاویر ریکارڈ پر لگائی ہیں۔ یہ تصویریں یادگاروں کی " خراب حالت" کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ یادگاروں کے آس پاس تعمیرات بھی کی جا رہی ہیں۔

عدالت نے اے ایس آئی سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ اب اس معاملے کی آئندہ سماعت 14 جولائی2022 کو ہوگی۔