دہلی: آج سے کسرت گاہیں بھی کھل جائیں گی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-06-2021
پٹری پر لوٹتی زندگی
پٹری پر لوٹتی زندگی

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

کورونا کی وبا کے سبب مسلسل لاک ڈاون کا دور اب مرحلے وار طور پر ختم ہورہا ہے۔ آج اس کے تحت قومی دارالحکومت دہلی میں مزید پابندیاں ختم ہونگی۔ اس کا مطلب زندگی مزید معمول پر آئے گی۔پچھلے دو ہفتے سے بازار اور مالز کو دوبارہ کھولا گیا تھا اب آج سے جم اوریوگا سنٹر کھل جائیں گے ۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہفتہ کی شب کہا کہ ہوٹلوں کو شادی کی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت ہوگی، لیکن اس میں شامل ہونے والوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد 50 ہوگی۔

بہرحال احتیاط برقرار رہے گی۔یہی وجہ ہے کہ اتھارٹی نے کہاکہ ’’جم خانوں اوریوگا انسٹی ٹیوٹ کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ بینکویٹ ہال، میرج ہال، اورہوٹلوں کو زیادہ سے زیادہ 50 افراد کی حد کے ساتھ شادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت ہوگی۔

 قابل ذکر ہے کہ دہلی میں مرحلہ وار ’ان لاک‘ کا عمل 31 مئی سے شروع ہواہے۔ یہاں اب تعلیمی اداروں، تھیٹروں، اسپا، اورسویمنگ پول جیسے کچھ مقامات کے علاوہ بیشتر سرگرمیوں اور مقامات کو پھرسے کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

 اتھارٹی نے میٹرو کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ آپریٹ کرنے کی مدت میں مزید ایک ہفتہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ اس سے قبل دہلی میٹرو کارپوریشن نے 14 جون کو دہلی حکومت کو خط لکھ کر کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے پابندیوں میں دی جارہی رعایت کے سبب میٹرواسٹیشنوں میں داخل ہونے اورٹرین میں چڑھنے کے لئے لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے قومی راجدھانی میں 19 اپریل کو ایک ہفتہ کے لئے لاک ڈاون لگایا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے بڑھاکر 31 مئی تک کردیا گیا تھا۔