دہلی: پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-06-2021
مزید نرمی
مزید نرمی

 

 

 نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں مسلسل کمی کے پیش نظر دہلی حکومت نے اتوار کے روز پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ کیجریوال حکومت نے ان لاک کے تحت دہلی میں 50 فیصد سیٹنگ کی صلاحیت کے ساتھ دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 10 بجے تک کھل سکیں گے۔ دہلی میں تاحال ریستوراں 50 فیصد سیٹنگ کیپسٹی کے ساتھ صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھولے جا رہے ہیں۔

 دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے اپنے حکم میں پیر کے روز سے پبلک پارکوں اور گولف کلب کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ اس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ریستوراں اور بار سے متعلق حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کرنے کے لئے ریستوراں کے مالک اور بار مالکان ذمہ دار ہوں گے۔

 اس کے علاوہ اسکول، کالج، تعلیمی ادارے، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ، ثقافتی، سماجی، سیاسی، کھیل، مذہبی سرگرمیاں، اسٹیڈیم، اسپورٹس کمپلیکس، تفریحی مقامات، جم، سوئمنگ پول، سنیما تھیٹر، ملٹی پلیکس کو اگلے احکامات تک بند رکھا گیا ہے۔

ہفتہ واری بازار میں 50 فیصد وینڈرز کے ساتھ ایک دن میں صرف ایک ہی ہفتہ واری بازار چلانے کی منظوری دی جائے گی اور سڑک کنارے بازار لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ کالونیوں اور ریزیڈینشیل کمپلیکسز میں واقع دکانیں صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھولی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ان لاک کے اعلان کے تحت سلون بھی کھولنے کی اجازت فراہم کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ میٹرو چلانے، تعمیراتی سرگرمیوں اور فیکٹریوں کو کھلونے کی اجازت بھی پہلے ہی دی جا چکی ہے۔ میٹرو اور ڈی ٹی سی بسوں میں 50 فیصد سیٹنگ کیپسٹی کے اصول کے ساتھ لوگ سفر کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آٹو اور ای رکشہ میں دو سواری لے جانے کی اجازت ہے۔ پرائیویٹ اور سرکاری دفاتر میں بھی 50 فیصد سیٹنگ کیپسٹی کے ساتھ ہی کام ہو رہا ہے۔ تاہم سرکاری دفاتر کے اعلی عہدیداران (گروپ اے) صد فیصد حاضری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔