نئی دہلی
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں منگل کی صبح ایک بار پھر ہوا کے معیار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس بڑھ کر 159 تک پہنچ گیا، جبکہ ایک دن پہلے یہ 151 تھا۔ تاہم شہر کی مجموعی فضائی کیفیت ابھی بھی “درمیانی” زمرے میں برقرار ہے، لیکن کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
آنند وہار میں اے کیو آئی404، ہوا “انتہائی خطرناک” زمرے میں
سی پی سی بی کے مطابق دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار “خراب” ) ریکارڈ کیا گیا۔ ان میں علی پور (205)، دوارکا سیکٹر 8 (206)، جہاںگیر پوری (229) اور وزیر پور (230) شامل ہیں۔
سب سے تشویشناک صورتحال آنند وہار میں رہی، جہاں اے کیو آئی404 ریکارڈ کیا گیا، جو “انتہائی خطرناک” زمرے میں آتا ہے۔ اس سطح پر ہوا ہر عمر کے افراد کے لیے صحت کے لحاظ سے خطرناک ہوتی ہے۔ طویل وقت تک اس آلودہ ہوا میں رہنے سے سانس اور پھیپھڑوں سے متعلق سنگین بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں دہلی کی ہوا زیادہ آلودہ
دہلی کے مقابلے میں ہندوستان کے کئی بڑے شہروں میں ہوا کا معیار نسبتاً بہتر رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق
چنئی: اے کیو آئی97
احمد آباد: اے کیو آئی86
بنگلورو: اے کیو آئی50
حیدرآباد: اے کیو آئی68
ممبئی: اے کیو آئی63
تاہم لکھنؤ اور جے پور میں بھی ہوا کے معیار میں کمی دیکھی گئی، جہاں اے کیو آئیبالترتیب 102 اور 128 ریکارڈ کیا گیا۔
کئی ریاستوں میں شدید بارش کا امکان
اس دوران ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اگلے سات دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ کے مطابق کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو، شمال مشرقی ہندوستان اور ہمالیہ سے متصل مغربی بنگال کے علاقوں میں مختلف مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔ کرناٹک اور کیرالہ میں 8 اور 9 جون کو انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے
اس کے علاوہ آندھرا پردیش، پڈوچیری، کرائیکل، چھتیس گڑھ، مشرقی و مغربی مدھیہ پردیش، ودربھ، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، پنجاب، اتر پردیش اور راجستھان کے مختلف علاقوں میں بھی آنے والے دنوں میں ہلکی سے درمیانی اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں بارش ہوتی ہے تو فضائی آلودگی میں کچھ بہتری آ سکتی ہے۔ فی الحال بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر زیادہ دیر باہر رہنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔