یوپی:نائب وزیراعلیٰ موریہ سمیت 11 وزیروں کی شکست

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2022
یوپی:نائب وزیراعلیٰ موریہ سمیت 11 وزیروں کی شکست
یوپی:نائب وزیراعلیٰ موریہ سمیت 11 وزیروں کی شکست

 

 

لکھنؤ: وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی نے اتر پردیش میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ پچھلے 37 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی برسراقتدار حکومت نے اسے دہرایا ہے۔ بی جے پی کی بڑی لہر کے باوجود یوگی حکومت کے 11 وزیر 2022 کے اسمبلی انتخابات جیتنے میں ناکام رہے۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق 402 نشستوں کا نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے اکیلے 255 سیٹیں جیتی ہیں۔ اس کے اتحادی اپنا دل (سونی لال) کو 12 اور نشاد پارٹی کو 6 سیٹیں ملی ہیں۔

یوگی حکومت کے ہارنے والے وزراء میں سب سے پہلا نام ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ کا ہے۔ جن کو سماج وادی پارٹی کی پلوی پٹیل نے سیراتھو سیٹ سے 7,337 ووٹوں سے شکست دی۔

گنے کے وزیر سریش رانا شاملی ضلع کی تھانہ بھون سیٹ سے آر ایل ڈی کے امیدوار اشرف علی خان سے 10,000 سے زیادہ ووٹوں سے ہار گئے۔

ایک اور وزیر چھترپال سنگھ گنگوار کو بریلی ضلع کی بہیری سیٹ پر سماج وادی پارٹی کے امیدوار عطا الرحمان نے 3,355 ووٹوں سے شکست دی۔

دیہی ترقی کے وزیر راجندر پرتاپ سنگھ عرف موتی سنگھ پرتاپ گڑھ کی پٹی سیٹ پر سماج وادی پارٹی کے رام سنگھ سے 22,051 ووٹوں سے ہار گئے۔

یوگی حکومت میں ایک اور وزیر چندریکا پرساد اپادھیائے چترکوٹ میں سماج وادی پارٹی کے انیل کمار سے 20,876 ووٹوں سے ہار گئے۔

وزیر آنند سوروپ شکلا بلیا ضلع کی بیریہ سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے جئے پرکاش سے 12,951 ووٹوں سے ہار گئے ہیں۔

شکلا نے پچھلی بار بلیا سیٹ سے الیکشن لڑا تھا، لیکن اس بار بی جے پی نے انہیں موجودہ ایم ایل اے سریندر سنگھ کے بجائے بیریا سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔

یوپی کے وزیر کھیل اوپیندر تیواری بلیا کی پھپنا سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے امیدوار سنگرام سنگھ سے 19,354 ووٹوں سے ہار گئے۔

وہیں، سماج وادی پارٹی کی اوشا موریہ نے فتح پور کی حسین گنج سیٹ پر وزیر رنوندر سنگھ دھونی کو 25,181 ووٹوں سے شکست دی۔

اوریا ضلع کی دبیا پور سیٹ پر سماج وادی پارٹی کے پردیپ کمار یادو نے لکھن سنگھ راجپوت کو 473 ووٹوں سے شکست دی۔

سدھارتھ نگر ضلع کی ایٹاوا سیٹ پر ریاست کے پرائمری تعلیم کے وزیر ستیش چندر دویدی کو ایس پی امیدوار ماتا پرساد پانڈے نے 1,662 ووٹوں سے شکست دی۔

ایک اور وزیر سنگیتا بلونت کو غازی پور سیٹ پر ایس پی کے جئے کشن نے 1,692 ووٹوں سے شکست دی۔