ہندوستان کے ہاتھوں شکست : خواتین انگلش کرکٹرز کا مردو ں پر نشانہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-02-2021
سوشل میڈیا پر تو تو میں میں
سوشل میڈیا پر تو تو میں میں

 

 

نئی دہلی۔ ہندوستان میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد انگلش مداحوں کا کوئی جذباتی ردعمل سامنے نہیں آیا۔مگر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں صرف دو دن کے دوران دس وکٹوں سے شکست کے بعد انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کو ضرور تائو آؑیا۔جس کے بعد انگلینڈ کرکٹ کے مرد اور عورتیں سوشل میڈیا میں بھڑ گئے۔

ایک بڑی اور شرمناک شکست کے بعد یوں کسی نے اس کا الزام بعض نے پچ پر لگایا تو کچھ کا کہنا تھا کہ یہ بلے بازوں کی ’صلاحیتوں‘ کا امتحان تھا۔لیکن میچ پرانگلینڈ کے مرد و خواتین کرکٹرز سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے ساتھ بحث کرتے رہے۔

یہ سلسلہ انگلینڈ کی خاتون کرکٹر الیگزنڈرا ہارٹلی کی ایک ٹویٹ سے شروع ہوا جس میں انہوں نے مردوں کی ٹیم کی ہار پر طنز کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’انگلینڈ کے بوائز نے اچھا کیا کہ انگلینڈ کی خواتین ٹیم کے میچ شروع ہونے سے پہلے ہی ٹیسٹ میچ ختم کر دیا۔‘

 

تاہم یہ ٹویٹ ان کے ملک کے مرد کھلاڑیوں کو کچھ زیادہ پسند نہیں آئی۔ اس ٹویٹ کے فوراً بعد ہی ٹیسٹ کرکٹر روری برنز نے جواب میں لکھا: ’یہ جانتے ہوئے کہ تمام ’بوائز‘ خواتین کے میچز کو سپورٹ کرتے ہیں یہ انتہائی مایوس کن رویہ ہے۔‘روری برنز کو بعد میں اپنی اس ٹویٹ کو ہٹانا پڑا تاہم اس سے قبل ان کی اس ٹویٹ کو ہندوستان سے ہارنے والی ٹیم میں شامل جیمز اینڈرسن اور بین سٹوکس لائک کر چکے تھے۔

 

اسی طرح ہارٹلی کی ٹویٹ سے ایک اور انگلش کرکٹر بین ڈکِٹ بھی زیادہ خوش دکھائی نہیں دئیے اور انہوں نے بھی ٹوئٹر پر ہی لکھا ’ ایک ایورج ٹویٹ۔ میرا نہیں خیال کہ خواتین کی ہار پر مردوں کی ٹیم میں سے کوئی (تالیاں بجائے گا)۔‘ انہوں نے تالیوں کےلئےایموجیز کا استعمال کیا۔

 

یاد رہے کہ ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 112 پر آؤٹ ہو گئی تھی، جس کے جواب میں ہندوستان نے 145 رنز بنائے۔ دوسری اننگز انگلینڈ کے لیے پہلے سے زیادہ مایوس کن رہی کیونکہ اس کی پوری ٹیم صرف 81 پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ہندوستان نے 49 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔