کورونامعاملوں میں کمی،چنڈی گڑھ میں اومیکرون ویرینٹ کا پہلا معاملہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 12-12-2021
کورونامعاملوں میں کمی،چنڈی گڑھ میں اومیکرون ویرینٹ کا پہلا معاملہ
کورونامعاملوں میں کمی،چنڈی گڑھ میں اومیکرون ویرینٹ کا پہلا معاملہ

 

 

نئی دہلی،چنڈی گڑھ: چنڈی گڑھ میں کووڈ19 کے اومیکرون ویرینٹ کا پہلا ممکنہ معاملہ آج سامنے آیا ہے محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ اٹلی سے 22 نومبر کو امرتسر سے آئے ایک 22 سالہ نوجوان کی جوکہ چنڈی گڑھ میں اپنے رشتہ دار سے ملنے آیا تھا، کی یکم دسمبر کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی تھی۔

اس کے بعد اس کا سیمپل جینوم سیکونسنگ کے لئے دہلی کے نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کو بھیجا گیا تھا سے منی ماجرا سول اسپتال میں کوارنٹین کیا گیا ہے۔نوجوان کا آج پھر ٹیسٹ کیا گیا جو کہ پازیٹیو آیا ہے۔ اس درمیان اسپتال ذرائع نے تصدیق کی کہ کووڈ19 کے مریض نوجوان کو داخل کیا گیا ہے لیکن اومیکرون ویرینٹ کی تصدیق سے انکار کیا ۔

نوجوان کے فیملی ممبروں کا کووڈ19 ٹسٹ کیا گیا ہے جو کہ نگیٹیو آیا ہے۔

دریں اثنیا ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکت خیزکورونا وائرس کے 7,774 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس وبا کی وجہ سے 306 لوگوں کی موت ہوئی ہے دریں اثنا ہفتہ کو 89 لاکھ 56 ہزار 784 کووڈ افراد کو ویکسین لگائی گئی اور اس کے ساتھ ہی ویکسینیشن کرانے والوں کی مجموعی تعداد ایک ارب 32 کروڑ 93 لاکھ 84 ہزار 230 ہوگئی ہے

اتوار کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جان لیوا وبا سے 8,464 مریض صحت مند ہو ئے اور یہ تعداد اب 3 کروڑ 41 لاکھ 22 ہزار 795 ہو چکی ہے ۔

اس دوران کورونا کے ایکٹیو کیسز 996 سے گھٹ کر 92281 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 306 مریض اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے اور اب تک اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ 75 ہزار 434 ہو گئی ہے۔ ملک میں صحت یابی کی شرح 98.36 فیصد، ایکٹیو کیسز کی شرح 0.27 فیصد اور اموات کی شرح 1.37 فیصد پر برقرار ہے۔

ریاست کیرالہ ملک میں فعال کیسز اور مرنے والوں کی تعداد لحاظ سے اب بھی سب سے آگے ہے۔ اس ریاست میں ایکٹیو کیسز 758 سے گھٹ کر 39,240 رہ گئے ہیں۔ ریاست میں 4,308 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے شفایاب لوگوں کی تعداد بڑھ کر 51,08,764 ہو گئی ہے۔

اسی عرصے میں 245 مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 42,824 ہو گئی ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں کورونا کے ایکٹو کیسز 82 سے گھٹ کر 10,131 رہ گئے ہیں، جب کہ مزید 20 مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 141243 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مزید 869 مریضوں کے کورونا سے شفایاب ہونے کے ساتھ ان کی کل تعداد 6491805 ہو گئی ہے۔