درگاہ نظام الدین:زائرین کے لیے آج سے دروازے بند

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-09-2021
درگاہ حضرت نظام الدین اولیا
درگاہ حضرت نظام الدین اولیا

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ہندوستان کی مشہور و معروف درگاہ حضرت نظام الدین کو آج سے زائرین کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ  کورونا پروٹوکول کی مسلسل خلاف ورزی کی شکایتوں کو دیکھتے ہوئے دہلی پولیس نے درگاہ حضرت نظام الدین بند کرنے کاحکم دیا ہے، جس پر 30 ستمبر2021 سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ تھانہ حضرت نظام الدین اور درگاہ کے سجادگان کےساتھ میٹنگ اور باہمی اتفاق رائے کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ قدم ایسے وقت اٹھایا ہے جب دہلی سرکار نے رام لیلا کرنے اور دسہرہ منانے کی اجازت دے دی ہے۔ وہیں اب جنتر منتر وغیرہ پر مظاہرے بھی کئے جانے لگے ہیں ۔

وہیں مقامی افراد کا کہنا ہے کہ  اس میں کوئی شک نہیں کہ درگاہ پر بہت زیادہ بھیڑ ہوگئی اور عقیدت مندوں کے سیلاب میں کورونا گائڈ لائن کا بالکل خیال نہیں رکھا جا رہا تھا، حتی کہ آنے والوں نے ماسک لگانا بھی ضروری نہیں سمجھا ۔ گرچہ کہ کورونا کے خطرات کم ہوئے ہیں لیکن ختم نہیں ہوا ہے۔

 پولیس کی ہدایت پر درگاہ کے دروازے بند کردئے گئے اور زائرین اب کب تک درگاہ جانے سے محروم رہیں گے کچھ کہنا مشکل ہے ۔ درگاہ بستی کے لوگوں کی معاشی سرگرمیوں کا بہت بڑا ذریعہ ہے ، اس فیصلہ کا اثر ان پر بھی پڑنا لازمی ہے جو کورونا کے اثرات سے ابھی ابھر نہیں پائے ہیں ۔

بستی کے کئی لوگوں نے یہ الزام لگایا ہے کہ درگاہ کے ذمہ داران نے کورونا گائیڈ لائن پر توجہ نہیں دی تھی، حالاں کہ درگاہ ذمہ داران کی طرف ابھی تک کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔