شہباز احمد : میوات کا نوجوان ٹی-20 ورلڈ کپ کے لیے ’نیٹ بالر‘ ۔

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-10-2021
 میوات: شہباز نےبنائی ٹی-20 ورلڈ کپ میں اپنی جگہ
میوات: شہباز نےبنائی ٹی-20 ورلڈ کپ میں اپنی جگہ

 

 

شہنوازعالم / نئی دہلی

ریاست ہریانہ کے پسماندہ ضلع نوح کے علاقہ میوات کے رہنے والے کرکٹرشہبازاحمد کوٹی 20 میں ورلڈ کپ  کی ٹیم میں نیٹ بالر کے طور پر جگہ مل گئی ہے۔ 

بائیں ہاتھ کے کھلاڑی شہبازاس وقت دبئی میں جاری آئی پی ایل لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی) کے آل راؤنڈر کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں۔انہیں ٹیم ٹی-20 ورلڈ کپ میں بطورنیٹ بولر منتخب کیا گیا ہے۔ شہبازکے والد احمد جان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا کامیابی کی نئی بلندیوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نےامید ظاہر کی ہے کہ ان کےبیٹےکوٹیم11میں جگہ ملے گی۔

احمد جان کہتے ہیں کہ بیٹے نے اس سے قبل آئی پی ایل میں اپنا لوہا منوایا تھا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ شہباز کی شکل میں آر سی بی کو ایک نیا ستارہ ملا ہے۔ اگر اسے ٹی-20 ٹیم میں جگہ مل جاتی ہے تو وہ اور بھی زیادہ کامیاب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نوح ضلع کے لیے فخر کی بات ہے کہ ان کے درمیان کا ایک کرکٹر ٹی-20 کے لیے منتخب ہوا ہے۔

بائیں ہاتھ کے کھلاڑی شہباز نے آئی پی ایل کی شروعات اکتوبر 2020 میں کی تھی۔ اب تک انہوں نےآئی پی ایل میں آر سی بی کے لیے 13 میچ کھیلے ہیں اور 6.8 کی اکانومی ریٹ پر 9 وکٹیں حاصل کی ہیں۔  بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے 111.5 کے اسٹرائیک ریٹ پر 60 رنز بنائے۔اس کے علاوہ شہباز نے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کو اپنا گرو مانا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے دسمبر 2018 میں حیدرآباد ٹیم کے خلاف اپنا پہلا فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کھیلا اور ہیٹ ٹرک لے کر سنسنی پیدا کردی تھی۔

اس کے بعد انہوں نے پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کی وجہ سے شہباز کو آر سی بی نے گزشتہ سال آئی پی ایل کی نیلامی میں 20 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔

خیال رہے کہ شہباز احمد نے اپنے کیریئر میں اب تک 13 فرسٹ کلاس ، 21 لسٹ اے اور 25 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔ لسٹ اے کرکٹ میں، اس کے نام پر ایک سنچری کے ساتھ مجموعی طور پر 435 رنز اور 18 وکٹیں ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 559 رنز بنائے ہیں جس میں 4 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یہاں ان کے نام پر37 وکٹیں ہیں۔

شہباز کے والد احمد جان ہریانہ حکومت کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں، ان کی تعیناتی پلول میں ہے، جب کہ وہ نوح کے پنہانہ میں رہائش پذیر ہیں۔ دو بہن بھائیوں میں شہباز سب سے چھوٹے ہیں جب کہ بہن سب سے بڑی اور ڈاکٹر ہیں۔