کرکٹ کوئی مذہبی کھیل نہیں ہے:حاجی فضل الرحان علیگ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-10-2021
 کرکٹ کوئی مذہبی کھیل نہیں ہے:حاجی فضل الرحان علیگ
کرکٹ کوئی مذہبی کھیل نہیں ہے:حاجی فضل الرحان علیگ

 


فیروز خان،دیوبند

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہار جانے پر پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے متنازعہ بیان کی ہر جگہ مذمت کی جا رہی ہے۔

شیخ رشیداحمد کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے سہارنپور سیٹ سےبہوجن سماج پارٹی( بی ایس پی) کے ایم پی حاجی فضل الرحان علیگ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے اس طرح کے بیان کی توقع نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا بیان غیر ذمہدارانہ ہونے کے ساتھ ساتھ بچکانہ بھی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

حاجی فضل الرحان علیگ نے کہا کہ کرکٹ کوئی مذہبی کھیل نہیں ہے،پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت کومذہب اسلام کی فتح سے منسلک کرنا بالکل غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کرکٹ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ہار ہوئی ہے نہ کہ بھارت کی، ہندوستان کا مسلمان مضبوطی کے ساتھ اپنے ملک کے ساتھ ہے،اسے پاکستان سے کوئی مطلب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں آج وہ ہاری ہے کل ہماری جیت کا دن ہو گا۔