کووڈ ویکسین اسپرم کو متاثر نہیں کرتی : تحقیق

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
 تحقیق کے مطابق کووڈ ویکسین اسپرم پر منفی اثرات مرتب نہیں کرتی
تحقیق کے مطابق کووڈ ویکسین اسپرم پر منفی اثرات مرتب نہیں کرتی

 

 

 واشنگٹن 

کورونا کے بچاؤ کے لئے تیار کردہ ویکسینوں میں سے دو نمایاں نام فائزر اور بائیو این ٹیک کووڈ ویکسین مردوں کے اسپرم کسی طرح سے بھی متاثر نہیں کرتیں ۔ حال ہی میں کی گئی ایک نئی طبی تحقیق میں اس کا انکشاف ہوا ہے ۔

اسرائیل میں ہونے والی اس تحقیق میں 43 مردوں کے اسپرم کے نمونے ویکسین کے استعمال سے پہلے اور استعمال کے ایک ماہ بعد اکٹھے کیے گئے۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ویکسین کے استعمال کے بعد اسپرم کی مقدار، اجتماع اور دیگر افعال میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔ تاہم تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ آن لائن پری پرنٹ سرور میں شائع کیے گئے ہیں ۔

محققین کا کہنا تھا کہ ابتدائی نتائج سے جوان مردوں کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ویکسین سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ والدین بننے کے خواہشمند جوڑے بغیر ہچکچاہٹ ویکسین کا استعمال کریں کیونکہ ویکسنیشن سے اسپرم متاثر نہیں ہوتے۔

اس سے قبل سابقہ تحقیق سے کچھ اشارے میل تھے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر اسپرم کے افعال پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے اپریل 2021 میں ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کووڈ ویکسین خواتین میں بانجھ پن کا باعث نہیں بنتی۔ اس تحقیق میں 32 خواتین کو شامل کیا گیا تھا جن کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا، ایک ویکسین استعمال کرنے والا، دوسرا کووڈ 19 کو شکست دینے والا جبکہ تیسرا ایسا تھا جس کو نہ تو وائرس کا سامنا ہوا تھا اورر نہ ویکسین استعمال کی تھی۔

تحقیق کے دوران خواتین کے نمونے اکٹھے کیے گئے تھے تاکہ دیکھا جاسکے کہ بچے پیدا کرنے کی صلاحیت پر کس حد تک اثرات مرتب ہوئے۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کا شکار ہونے والی خواتین کی اس صلاحیت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی تھی۔

محققین نے بتایا کہ ہم یہ دریافت کرکے بہت خوشی محسوس کررہے ہیں کہ ویکسین سے خواتین کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں ہوتا جبکہ ان میں وائرس کے خلاف کام کرنے والی اینٹی باڈیز بن جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ان اینٹی باڈیز کو ٹریک کیا اور ہر مریض کے خون اور سیال میں یہ اینٹی باڈیز دریافات کی گئیں، جو کہ اہم ہے کیونکہ اس سے تحفظ ملنے کا علم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد افراد کووڈ ویکسین سے اس لیے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ اس سے خواتین بانجھ پن کا شکار ہوسکتی ہیں۔