کورونا بحران:عالم اسلام سے خوب مل رہی ہندوستان کومدد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-04-2021
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی

کورونا وائرس نے ہندوستان میں قہربرپاکر رکھاہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔روزانہ ہزاروں افراد کی موت کا سلسلہ جاری ہے۔ طبی وسائل کی شدیدکمی ہے کیونکہ روزانہ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ مریض آ رہے ہیں۔ ہندوستان میں ، زیادہ تر اموات آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہورہی ہیں۔

ایسے میں دنیا کے بہت سارے ممالک اس مشکل وقت میں ہندوستان کی مدد کررہے ہیں۔امریکا ، فرانس ، جرمنی ، آسٹریلیا ، جاپان ، آئرلینڈ ، بیلجیم ، لکسمبرگ ، سنگاپور ، سویڈن ، نیوزی لینڈوغیرہ۔ مسلم ممالک بھی امدادمیں پیچھے نہیں ہیں اوربحران کے دوران اسلامی ممالک بھی کھلے دل سے ہندوستان کی مدد کر رہے ہیں کویت ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات وغیرہ نے طبی سازوسامان بھیجے ہیں تاکہ مریضوں کی جانیں بچائی جاسکیں۔

سعودی عرب کی مدد

ہندوستان نے آکسیجن کی کمی کو دور کرنے کے لئے اسلامی ممالک سمیت متعدد ممالک سے مدد لی ہے۔ خاص طور پر ہندوستان کی سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر جیسے ممالک کے ساتھ بہت اچھی دوستی ہے اور اس برے وقت میں یہ اسلامی ممالک بھی ہندوستان کی بہت مدد کر رہے ہیں۔ ہندوستان کو اس وقت آکسیجن سلنڈر ، آکسیجن جنریٹرز ، آکسیجن کونٹریٹرس ، وینٹیلیٹروں کی ضرورت ہے۔ بحران کے اس لمحے میں ، سعودی عرب نے 80 میگا ٹن آکسیجن بھیجی ہے۔ زیادہ تر اموات آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہیں ، ایسی صورتحال میں ، 80 میٹرک ٹن آکسیجن سیکڑوں مریضوں کی زندگیاں بچاسکتی ہے۔ ریاض میں ہندوستان کے سفارتخانے نے ٹویٹ کرکے اس کی جانکاری دی ہے۔اس کے ساتھ ہی ، ہندوستانی سفارتخانے نے اپنے ٹویٹ میں سعودی عرب کی ہر طرح کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔

 

 

متحدہ عرب امارات ہندوستان کے ساتھ

متحدہ عرب امارات کی ہندوستان کے ساتھ دوستی بہت پرانی ہے اور دونوں ممالک مختلف معاملات پر ایک دوسرے کی مدد کرتے رہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات بھی ہندوستان کا ایک اسٹریٹجک شراکت دار ہے اور اس بحران کے وقت میں متحدہ عرب امارات ہندوستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑاہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ ، ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس. جی شنکر سے فون پر بات کی اور کہا گیا کہ ان کاملک کوویڈ ۔19 بحران کے دوران ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات نے بھی دنیا کی سب سے بڑی عمارت برج خلیفہ کو ترنگے کے رنگ میں رنگ کرکے ہندوستان کو یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔ اس دوران ، ہندوستانی فوج کا سی 17 طیارہ 26 اپریل کو دبئی پہنچا۔ جہاں سے ہندوستانی فضائیہ آکسیجن کے سلنڈر لے کر ہندوستان آگیا۔

 

کویت - قطر کی مدد

کویت نے بھی ہندوستان کو کورونا بحران سے نبردآزما ہونے میں مدد کے لئے اپنا ہاتھ بڑھایا ہے۔ کویت نے ہندوستان کی مدد کے لئے بہت سے طبی سامان کی فراہمی کی ہے۔ اسی دوران ، قطر کے امیر تمیم بن حمد نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی سے کورونا بحران کے دوران فون پر بات کی اور کرونا بحران کے دوران ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ اسی کے ساتھ ہی ، قطر ایئر ویز نے ہندوستان کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے کہ وہ مختلف ممالک سے طبی سامان بلا معاوضہ ہندوستان پہنچائےگا۔

بحرین کی مدد

ایک اور مسلم ملک بحرین بھی کورونا بحران کے دوران ہندوستان کی مدد کے لئے آگے آیا ہے۔ بحرین کے ولی عہد شہزادہ اور وزیر اعظم سلمان بن حمد الخلیفہ نے ہندوستان کو اس مشکل صورتحال میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بحرین کے وزیر اعظم نے اپنے ملک میں ایک اعلی سطحی میٹنگ کے بعد ہندوستان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد بحرین سے طبی سامان ہندوستان کو فراہم کیا جائے گا۔

کویت نے آکسیجن بھیجا

اسی کے ساتھ ، ایک اور مسلمان ملک کویت نے بھی ہندوستان کی مدد کے لئے طبی امدادی سامان کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ، کویت نے 185 میٹرک ٹن مائع میڈیکل آکسیجن بھیج دی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ، ایک اور رپورٹ کے مطابق ، کویت بہت جلد ایک ہزار آکسیجن سلنڈر بھیجنے جارہا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ، امداد کا پہلا کھیپ جلد ہی ہندوستان پہنچ رہا ہے۔

بنگلہ دیش رمیڈیسیور انجیکشن فراہم کرے گا

بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ہندوستان کو ریمیڈیسویر انجیکشن فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں ریمیڈی سیور انجیکشن کی بہت قلت ہے اور اس انجیکشن کی بلیک مارکیٹنگ کی جارہی ہے۔ ہندوستانی حکومت نے بنگلہ دیش سمیت متعدد ممالک سے ریمیڈی سیور انجیکشن خریدنے کے لئے رابطہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے تک علاج معالجے کے انجیکشن فراہم کرےگا۔

پاکستان کی پیشکش

اس مشکل گھڑی میں پاکستان نے بھی مددکی پیشکش کی ہے مگر یہ ہندوستان کی مرضی پرمنحصرہے کہ اسے قبول کرتاہے یا نہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم عمراں خان کاکہناہے کہ اس مشکل گھڑی میں دونوں ملکوں کو مل کر کورورنا کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ پاکستان کا این جی اوایدھی فائونڈیشن بھی مددکی پیش کش کرچکا ہے مگر ہندوستان نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیاہے۔