سزایافتہ کو بھی تعلیم حاصل کرنے کا حق:الہ آباد ہائی کورٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2022
سزایافتہ کو بھی تعلیم حاصل کرنے کا حق:الہ آباد ہائی کورٹ
سزایافتہ کو بھی تعلیم حاصل کرنے کا حق:الہ آباد ہائی کورٹ

 

 

پریاگ راج: الہ آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ہندوستانی قانونی نظام کے تحت، سزا یافتہ شخص کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ تعلیم حاصل کر سکے اور جیل سے امتحان میں حاضر ہو، تاکہ وہ سماجی زندگی کے مرکزی دھارے میں داخل ہو سکے۔ ہائی کورٹ نے یہ مشاہدہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) سے نکالے گئے قانون کے طالب علم کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کیا۔

طالب علم کو یونیورسٹی انتظامیہ نے بی اے اے ایل ایل بی کورس مکمل کرنے کی اجازت نہیں دی۔ ڈسپلن شکنی کے الزام میں اسے یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ عدالت نے اس معاملے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انتظامیہ سے معلومات مانگی ہے۔ پوچھا گیا ہے کہ طالب علم نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی تعلیم کیسے مکمل کر سکتا ہے۔

جسٹس نیرج تیواری کی بنچ درخواست گزار طالب علم عادل خان کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی۔ قانون کے طالب علم نے ساتویں سمسٹر کے امتحان میں شرکت کی تھی لیکن مذکورہ سمسٹر کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا تھا اور اس دوران اسے یونیورسٹی نے بے ضابطگی کے الزام میں پانچ سال کے لیے نکال دیا تھا۔

قانون کے طالب علم نے عدالت کے سامنے نظم و ضبط اور اچھے اخلاق کو برقرار رکھنے کے لیے حلف نامہ جمع کرایا کہ وہ قوانین پر عمل کریگا اور یونیورسٹی کے کیمپس کے اندر اور باہر امن و ہم آہنگی اور مکمل نظم و ضبط برقرار رکھیگا۔

قانون کے طالب علم نے بھی یونیورسٹی کے سامنے اسی طرح کا حلف نامہ جمع کرایا تھا، لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے اس کے اخراج کے حکم کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے دلیل پیش کی گئی کہ درخواست گزار کے خلاف دو فوجداری مقدمات درج ہیں۔

اس کے پیش نظر عدالت نے کہا کہ درخواست گزار طالب علم پر ابھی تک جرم ثابت نہیں ہوا ہے۔ اس لیے اسے اپنی تعلیم مکمل کرنے کا حق حاصل تھا۔ عدالت نے یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ آئندہ مقررہ تاریخ پر اس بارے میں عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ درخواست گزار یونیورسٹی کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کیے بغیر اپنے تعلیمی کیریئر کو بچانے کے لیے اپنا بی اے ایل ایل بی کورس کیسے مکمل کرے گا۔

عدالت نے کہا کہ ہندوستانی قانونی نظام میں سزا یافتہ شخص کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھے اور جیل سے امتحان میں شرکت کرے تاکہ وہ سماجی زندگی کے مرکزی دھارے میں داخل ہوسکے۔ کسی بھی شخص کو دی جانے والی سزا اصلاحی ہونی چاہیے نہ کہ تعصب پر مبنی۔

درخواست گزار کا بی اے ایل ایل بی کورس مکمل کرنے سے انکار اس کا کیریئر تباہ کر سکتا ہے۔ یقیناً درخواست گزار ایک نوجوان طالب علم ہے اور اسے اپنی اصلاح کرنے اور زندگی کا صحیح راستہ چننے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت کے لیے 17 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔