مذہب تبدیلی کا معاملہ۔ دو مولانا گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2021
دو مولانا گرفتار
دو مولانا گرفتار

 

 

 لکھنو: یوپی اے ٹی ایس نے لکھنو سے مذہب تبدیلی کرانے کے الزام میں دو عالم دین کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان دونوں پر ایک ہزار سے زیادہ ہندووں کی مذہب تبدیل کرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس بابت یوپی کے اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے کہا کہ ایک بڑا گروہ مذہب تبدیلی میں مصروف تھا۔ یہ پیسے اور دیگر لالچ سے مذہب تبدیلی کراتا تھا۔ اس معاملے میں پہلے بٹلہ ہاوس، نئی دہلی کے عمر گوتم کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد اس کے ساتھ جہانگیر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ دونوں خوف اور لالچ سے مذہب تبدیلی کراتے تھے۔

یہی نہیں اس معاملے میں پولیس نے آئی ایس آئی اور غیر ملکی فنڈنگ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ پولیس کے ذریعہ دی گئی تفصیلات کے مطابق، یہ لوگ موٹیویشنل سوچ کے ذریعہ ہندووں کا مذہب تبدیل کراتے تھے۔ اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار کے مطابق، مذہب تبدیل کرکے لوگوں کو ریڈکلائز کرایا جارہا تھا۔

 اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے کہا کہ یہ دونوں عالم دین اب تک ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کا مذہب تبدیل کراچکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان عالم دین نے بہرے بچوں اور خواتین کا مذہب تبدیل کرایا ہے۔ یہی نہیں، انہوں نے مذہب تبدیل کرانے کے بعد شادی بھی کرائی ہے۔