ہندوستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے پر غور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-02-2021
ہندوستان اور روس ہمیشہ سے تزویراتی حلیف رہے ہیں
ہندوستان اور روس ہمیشہ سے تزویراتی حلیف رہے ہیں

 

 

نئی دہلی

ہندوستانی خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا کے حالیہ دورہ روس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت دوطرفہ تجارتی و اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روس میں ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے جاری ایک ویڈیو بیان میں مسٹر شرنگلا نے بتایا کہ روسی نائب وزرائے اعظم ریبکوف اور مسٹر ایگور اور دیگر اعلی عہدیداروں بشمول وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ دوطرفہ علاقائی اور عالمی مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسٹر شرنگلا رواں ہفتے 17 اور 18 فروری کو روس کے دو روزہ دورے پرگئے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ ہندوستان اور روس اعلی ٹکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کمپنیاں ایل این جی اور کوکنگ کول جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں جبکہ روسی کمپنیوں نے اندرون ملک آبی گزرگاہوں ، ریلوے اور اسٹیل میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے چنئی - ولادیووستوکی راہداری کے آپریشن کے سلسلے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ ۔19 ویکسین بنانے کے ساتھ ہی افغانستان امور اور اقوام متحدہ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر شرنگلا نے بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کے دورے پر آنے والے ہیں اور اس کی تاریخ بعد میں طے کی جائے گی۔ اس سے پہلے مسٹر لاوروف ہندوستان تشریف لائیں گے۔