بہار : اگنی پتھ کی آگ کے پیچھے کوچنگ سینٹرز؟ پٹنہ ڈی ایم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-06-2022
بہار میں اگنی پتھ آگ کے پیچھے کوچنگ سینٹرز؟ پٹنہ  ڈی ایم
بہار میں اگنی پتھ آگ کے پیچھے کوچنگ سینٹرز؟ پٹنہ ڈی ایم

 

 

پٹنہ: اگنی پتھ اسکیم کی سب سے بڑی مخالفت بہار میں دیکھی جارہی ہے جہاں مظاہرین نے ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔ لکھی سرائے، جہان آباد، چھپرا سمیت 19 اضلاع میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے اور ٹرینوں کو نذر آتش کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی بہار میں اگنی پتھ کی آگ کو لے کر کوچنگ سینٹر ریڈار پر آ گئے ہیں۔ پٹنہ کے ڈی ایم چندر شیکھر سنگھ نے کوچنگ سینٹرز کے کردار پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے اور قصوروار پائے جانے پر کوچنگ سنٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ گرفتار کیے گئے افراد کے موبائل پر کچھ کوچنگ سینٹرز کے ویڈیو فوٹیج اور واٹس ایپ پیغامات ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بنیاد پر کوچنگ سینٹرز کے کردار کی جانچ کی جارہی ہے اور اگر کوچنگ انسٹی ٹیوٹ ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈی ایم چندر شیکھر سنگھ نے کہا، ’’ہم طلبہ سے پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ دانا پور ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ کے الزام میں 170 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور 46 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تشدد کے واقعات کے بعد بہار میں پولس الرٹ ہے، ریلوے اسٹیشنوں پر زیادہ تعداد میں پولس فورس تعینات کردی گئی ہے۔ احتجاج کے دوران ریلوے املاک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے اور شرپسندوں نے کئی ریلوے اسٹیشنوں کو لوٹ لیا ہے۔

دوسری جانب اگنی پتھ اسکیم اور اس کے خلاف مظاہروں پر بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’پرامن مظاہرہ ہونا چاہیے، نوجوانوں کو توڑ پھوڑ نہیں کرنی چاہیے، ڈی ایم کے دفتر کا گھیراؤ کرنا پڑے گا، افسران کو دفتر کا گھیراؤ کرنا پڑے گا اور اگر دہلی جانا ہے تو ہم کریں گے۔

اسکیم کا عام لوگوں کے بچوں پر بہت زیادہ اثر پڑے گا۔ان کا کہنا ہے کہ اس نوکری میں کرپشن اور استحصال بڑھے گا۔معاشی اور جسمانی زیادتی ہوگی، جس سے افسران خوش ہوں گے، وہ آگے بڑھیں گے اور اس میں بھرتی کریں گے۔ اس سے آنے والے وقت میں مسائل پیدا ہوں گے-