پدم ایوارڈ پانے والوں میں کلب صادق اور وحیدالدین خان شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-01-2021
کلب صادق اور وحیدالدین خان
کلب صادق اور وحیدالدین خان

 

نئی دہلی: حکومت نے سال 2021 کے پدم ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔
ان میں سات پدم وبھوشن ، 10 پدم بھوشن اور 102 پدم شری ایوارڈز شامل ہیں۔
ایوارڈز میں 29 خواتین ، 10 غیر ملکی اور ایک خواجہ سرا شامل ہیں۔
مولانا کلب صادق مرحوم اور وحیدالدین خان ان مسلمانوں میں شامل ہیں جنھیں حکومت نے پدم ایوارڈس دینے کا اعلان کیا ہے.  
معروف عالم دین اور سینکڑوں کتابوں کے مصنف مولانا وحید الدین خان صاحب کو پدما وبھوشن ایوارڈ (2021ء) کے لئے منتخب کیا گیا ہے. پدم وبھوشن ایوارڈ بھارت رتن کے بعد دوسرا بڑا شہری اعزاز ہے جو فن، تعلیم، ادب، سائینس وغیرہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے عطا کیا جاتا ہے.
مولانا وحید الدین خان کا شمار ہمارے عہد کے ان ممتاز علما میں ہوتا ہے جنھوں نے دین کی تعبیر و تشریح کے باب میں وقیع علمی کام کیا ہے. مولانا کو اللہ تعالیٰ نے تصنیف و تالیف کے میدان میں ممتاز مقام عطا کیا ہے. ان کی بات میں زور، اثر اور کشش موجود ہے. اصلاح ذات اور فکر آخرت کے حوالے سے انھوں نے جدید اسلوب میں اپنی نوعیت کا منفرد لٹریچر تیار کیا ہے. ان کی تحریروں میں مکالمہ بین المذاہب اور امن کا بہت ذکر ملتا ہے اور اس میں وعظ و تذکیر کا پہلو بھی نمایاں طور پر موجود ہوتا ہے. ان کی فکر میں شخصیت پرستی نہیں بلکہ خدا پرستی کی بنیاد پر تذکیر و نصیحت، صبر، تحمل و بردباری اور اخلاقی قدروں پر سب سے زیادہ زور ہوتا ہے.
یوم جمہوریہ کے موقع پر 2021 کیلئے پدم ایوارڈز کا کیا گیا۔ پدم ایوارڈز میں پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈز شامل ہوتے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے بڑا نام جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کا ہے جنہیں پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ آبے سمیت یہ انعامات کل 7 شخصیات کو دئیے گئے ہیں جن میں ایس پی بالا سبرمنیم(بعد از مرگ ) ، ڈاکٹر نریندر سنگھ کپینی اور سدرشن ساہو جیسے نام شامل ہیں ۔ ایوارڈ آرٹ، سماجی کام، عوامی امور، سائنس، طب، کاروبار، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی کارنامے کے لئے ہر سال دیئے جاتے ہیں۔
ہندوستان۔جاپان تعلقات کو اپنی نئی اونچائیوں پر پہنچانے والے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے سمیت سات اہم شخصیات کو ملک کا دوسرا سب سے بڑا سیول ایوارڈ پدم ویبھوشن عطا کیا گیا ہے ۔ آسام کے سابق وزیراعلی ترون گوگوئی، سابق لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، ممتاز شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق (بعد از وفات) اور سینئر بیوروکریٹ نرپیندر مشرا سمیت دس اہم شخصیتوں کو پدم بھوشن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، یوم جمہوریہ کے موقع پر سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے 30 افسران اور ملازمین کو بہتر کارکردگی اور قابل ستائش خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔