نئی دہلی:دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے سونیا گاندھی کا ووٹر لسٹ میں نام ہونے کے معاملے میں بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے کانگریس کی سابق صدر کے خلاف مبینہ طور پر بھارتی شہریت حاصل کیے بغیر ووٹر فہرست میں نام شامل کرانے کے معاملے میں اُنہیں اور دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔
یہ معاملہ اس الزام سے متعلق ہے کہ مبینہ طور پر بھارتی شہریت ملنے سے پہلے ہی اُن کا نام نئی دہلی کی ووٹر لسٹ میں شامل کر دیا گیا تھا۔ عدالت اس پورے معاملے کی اگلی سماعت 6 جنوری 2026 کو کرے گی۔ شہریت سے متعلق تنازع اُس وقت سامنے آیا، جب وکیل وکاس ترپاٹھی نے عدالت میں نظرثانی کی درخواست دائر کی۔
ان کا الزام ہے کہ سونیا گاندھی کو 30 اپریل 1983 کو بھارت کی شہریت ملی، لیکن اس سے تین سال پہلے یعنی 1980 کی ووٹر لسٹ میں اُن کا نام پہلے سے موجود تھا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ میں صرف اُنہی افراد کا نام شامل کیا جا سکتا ہے جن کے پاس بھارتی شہریت ہو، اس لیے 1980 کی فہرست میں اُن کی موجودگی خود بخود شک پیدا کرتی ہے۔ وکیل وکاس ترپاٹھی نے درخواست میں یہ بھی ذکر کیا کہ سال 1982 میں سونیا گاندھی کا نام فہرست سے نکال دیا گیا، اور 1983 میں شہریت ملنے کے بعد دوبارہ شامل کیا گیا۔
ان تینوں مراحل—پہلے شامل کرنا، پھر نکالنا اور بعد میں دوبارہ درج کرنا—کو درخواست گزار نے سنگین بے ضابطگیاں قرار دیا ہے۔ ستمبر 2025 میں مجسٹریٹ کورٹ نے یہ شکایت یہ کہتے ہوئے خارج کر دی تھی کہ درخواست گزار اپنے الزامات کے لیے کافی اور ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
عدالت نے مانا تھا کہ ایف آئی آر درج کرانے کی بنیاد کمزور ہے اور دستیاب حقائق سے کوئی واضح جرم ثابت نہیں ہوتا۔ لیکن اب نظرثانی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے راؤز ایونیو کورٹ نے پہلی نظر میں اس معاملے کو قابلِ سماعت سمجھتے ہوئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ دونوں فریقوں کا مؤقف سنے بغیر آگے کی کارروائی کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔