کولکاتا: مغربی بنگال کی کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کی ایک ٹیم پیر کے روز ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی کولکاتا میں واقع رہائش گاہ پر پہنچی۔ ممتا بنرجی، جو گزشتہ روز انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں شریک ہوئی تھیں، اس وقت نئی دہلی میں موجود ہیں۔
گزشتہ ہفتے سی آئی ڈی کی ایک ٹیم نے مبینہ دستخط جعلسازی معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں ٹی ایم سی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا تھا۔ ریاستی سی آئی ڈی نے ٹی ایم سی کے اراکین اسمبلی کے دستخطوں کی مبینہ جعلسازی کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔
حکام کے مطابق ابھیشیک بنرجی سے کہا گیا ہے کہ وہ پارٹی عہدیداروں کی تقرری سے متعلق وہ اصل قرارداد پیش کریں جو مغربی بنگال اسمبلی کے اسپیکر کو بھیجی گئی تھی۔ ٹی ایم سی ذرائع کے مطابق ابھیشیک بنرجی نے اپنے وکیل کے ذریعے ایک باضابطہ خط بھیج کر ایجنسی کو جواب دے دیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی مغربی بنگال پولیس کے ایک ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کر رہے ہیں تاکہ معاملے کی جامع تحقیقات یقینی بنائی جا سکیں۔ سی آئی ڈی اب تک اس معاملے میں 13 ٹی ایم سی اراکین اسمبلی کے بیانات ریکارڈ کر چکی ہے۔ حکام کے مطابق تین اراکین اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ 6 مئی کی میٹنگ ریزولوشن بک میں موجود دستخط ان کے نہیں ہیں۔
اسی طرح کیننگ پوربا کے رکن اسمبلی نے بیان دیا کہ وہ کولکاتا میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں شریک ہی نہیں ہوئے تھے۔ اس کے بعد سی آئی ڈی نے ابھیشیک بنرجی کو اصل میٹنگ ریزولوشن بک کے ساتھ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی۔ ابھیشیک بنرجی نے 9 مئی کو اسمبلی اسپیکر کو اطلاع دی تھی کہ پارٹی نے آل انڈیا ترنمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) کی قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں عہدیداروں کی تقرری کا فیصلہ کیا تھا۔
اس کے بعد 18 مئی کو مغربی بنگال اسمبلی کے پرنسپل سکریٹری نے ابھیشیک بنرجی کو خط لکھ کر اجلاس کی کارروائی، قرارداد اور اس فیصلے میں شریک اراکین اسمبلی کے دستخط طلب کیے تھے۔ 20 مئی کو ابھیشیک بنرجی نے میٹنگ ریزولوشن بک کی ایک نقل اور حاضری شیٹ جمع کرائی، جس کے مطابق 6 مئی کے اجلاس میں 70 اراکین اسمبلی شریک ہوئے تھے۔
تاہم 27 مئی کو اے آئی ٹی سی کے دو اراکین اسمبلی رتبرتا بنرجی اور سندیپن ساہا نے اسپیکر کے پاس شکایت درج کرائی کہ 6 مئی کو قائد حزب اختلاف کے انتخاب سے متعلق کوئی قرارداد منظور نہیں کی گئی تھی اور انہوں نے میٹنگ ریزولوشن بک پر صرف 19 مئی کو دستخط کیے تھے۔ شکایت کنندگان نے یہ بھی الزام لگایا کہ 6 مئی کی قرارداد ’’من گھڑت اور جعلی‘‘ تھی اور اس میں موجود 14 دستخط بلاک لیٹرز میں درج تھے۔ بعد ازاں ترنمول کانگریس نے دونوں اراکین اسمبلی کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں معطل کر دیا تھا۔