زندگی کی جنگ ہار گئے کیپٹن ورون سنگھ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
گروپ کیپٹن ورون سنگھ،
گروپ کیپٹن ورون سنگھ،

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

گروپ کیپٹن ورون سنگھ، جو سی ڈی ایس جنرل راوت کے ساتھ حادثہ کا شکار ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔آج 15 دسمبر 2021 کو زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

یاد رہے کہ اس حادثہ میں جنرل راوت کی بھی موت ہوگئی تھی۔ گروپ کیپٹن ورون کی موت کی خبر دیتے ہوئے ہندوستانی فضائیہ نے کہا کہ ہمیں بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے بہت دکھ ہوا ہے۔ وہ آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ 8 دسمبر2021 کو تمل ناڈو کے کنور میں ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔ ہندوستانی فضائیہ نے ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

گیلنٹری ایوارڈ یافتہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا تعلق ایک فوجی خاندان سے تھا۔ دیوریا، اتر پردیش کے رہنے والے ورون سنگھ کا خاندان تینوں فوجوں جل، تھل اور نابھہ سے وابستہ ہے۔

گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا تعلق انڈین ایئر فورس (IAF) سے ہے۔ ان کے والد ریٹائرڈ کرنل کے پی سنگھ آرمی ایئر ڈیفنس (AAD) رجمنٹ میں تھے۔ کرنل کے پی سنگھ کے دوسرے بیٹے اور گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے چھوٹے بھائی لیفٹیننٹ کمانڈر تنوج سنگھ ہندوستانی بحریہ میں ہیں۔

ورون کا خاندان ان دنوں بھوپال میں رہتا ہے۔ ورون سنگھ کو اس سال یوم آزادی پر صدر رام ناتھ کووند نے شوریہ چکر سے نوازا تھا۔ انہیں یہ ایوارڈ 10 ہزار فٹ کی بلندی سے تیجس طیارے کی فلائنگ کنٹرول سسٹم کے خراب ہونے کے بعد بھی کامیاب لینڈنگ کرنے پر دیا گیا۔ ورون نے آفت کے وقت صبر کا دامن نہیں چھوڑا تھا اور جہاز کو آبادی سے دور لے گئے تھے۔

ان کے انتقال کی خبر ہندوستانی فضائیہ نے اپنے آفیشیل ٹوئیٹر اکانٹ پر دی ہے:

 

وہیں گروپ کیپٹن کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔