رابرٹ واڈرا کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملے میں چارج شیٹ داخل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2025
رابرٹ واڈرا کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملے میں چارج شیٹ داخل
رابرٹ واڈرا کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملے میں چارج شیٹ داخل

 



نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس کی رکن پارلیمان پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر اور تاجر رابرٹ واڈرا کے خلاف منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ اس میں کئی دیگر افراد اور کمپنیوں کے نام بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، ای ڈی نے شکوہ پور زمین سودے سے متعلق معاملے میں رابرٹ واڈرا کے خلاف ایک ضمنی استغاثہ شکایت دائر کی ہے۔ یہ معاملہ ستمبر 2018 کا ہے، جب سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا، ہریانہ کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا، ریئل اسٹیٹ کمپنی ڈی ایل ایف اور ایک پراپرٹی ڈیلر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اس ایف آئی آر میں بدعنوانی، جعلسازی اور دھوکہ دہی سمیت کئی دیگر الزامات لگائے گئے تھے۔

رابرٹ واڈرا پر الزام ہے کہ ان سے وابستہ کمپنی اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پرائیویٹ لمیٹڈ نے اونکاریشور پراپرٹیز سے 3.5 ایکڑ زمین 7.5 کروڑ روپے میں خریدی تھی۔ اس سودے کا "میوٹیشن" (ملکیت کی تبدیلی) بھی غیر معمولی انداز میں کیا گیا۔ الزام ہے کہ ہریانہ کی اس وقت کی بھوپندر سنگھ ہڈا حکومت نے اس زمین میں سے 2.70 ایکڑ زمین کو کمرشل کالونی کے طور پر ترقی دینے کی اجازت دیتے ہوئے واڈرا کی کمپنی کو اس کا لائسنس دے دیا۔

رہائشی منصوبے کا لائسنس ملنے کے بعد زمین کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوا، جس کے بعد واڈرا سے جڑی کمپنی نے یہ زمین ڈی ایل ایف کو 58 کروڑ روپے میں بیچ دی۔ بعد میں ہڈا حکومت نے رہائشی منصوبے کا لائسنس ڈی ایل ایف کو منتقل کر دیا۔ الزام ہے کہ اس پوری ڈیل میں کئی بے ضابطگیاں ہوئیں۔ ہریانہ پولیس نے 2018 میں اس سودے سے متعلق مقدمہ درج کیا، جس کے بعد ای ڈی نے بھی اس پر کیس درج کر کے تفتیش شروع کی۔

رابرٹ واڈرا سے جڑے اس معاملے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف آئی اے ایس افسر اشوک کھیمکا نے کیا تھا، جس کے بعد وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔ گزشتہ ایک دہائی سے رابرٹ واڈرا پر لگے الزامات کو اپوزیشن جماعتیں مختلف انتخابات میں کانگریس پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کرتی رہی ہیں۔

دسمبر 2023 میں ای ڈی نے اس معاملے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم تاجر سی سی تھمپی اور برطانیہ کے اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری کے رشتہ دار سمّت چڈّھا کے خلاف چارج شیٹ دائر کی تھی۔ اس چارج شیٹ میں رابرٹ واڈرا اور ان کی بیوی پرینکا گاندھی کا نام بطور ملزم شامل نہیں ہے، لیکن ان کی زمین کی خرید و فروخت کی تفصیل ضرور درج ہے۔

ای ڈی کا کہنا ہے کہ رابرٹ واڈرا سے مبینہ طور پر منسلک تاجر تھمپی نے 2005 سے 2008 کے درمیان دہلی-این سی آر میں واقع رئیل اسٹیٹ ایجنٹ ایچ ایل پاہوا کے ذریعے ہریانہ کے فرید آباد ضلع کے امیرپور گاؤں میں تقریباً 486 ایکڑ زمین خریدی تھی۔

الزامات کے مطابق، رابرٹ واڈرا نے 2005–2006 میں ایچ ایل پاہوا سے امیرپور میں 334 کنال (40.08 ایکڑ) زمین کے تین ٹکڑے خریدے تھے اور دسمبر 2010 میں وہی زمین دوبارہ ایچ ایل پاہوا کو فروخت کر دی۔ ای ڈی کے مطابق، رابرٹ واڈرا کی اہلیہ پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی اپریل 2006 میں ایچ ایل پاہوا سے فرید آباد کے امیرپور گاؤں میں 40 کنال (5 ایکڑ) زرعی زمین خریدی تھی اور فروری 2010 میں وہی زمین دوبارہ ایچ ایل پاہوا کو فروخت کر دی تھی۔