فاروق عبداللہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ داخل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-07-2022
فاروق عبداللہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ داخل
فاروق عبداللہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ داخل

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ یہ چارج شیٹ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کے گھپلے سے متعلق کیس میں داخل کی گئی ہے۔

اس معاملے میں 84 سالہ فاروق عبداللہ سے ای ڈی نے 31 مئی2022 کو سری نگر میں تین گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی تھی۔ چارج شیٹ میں فاروق عبداللہ کے ساتھ احسن احمد مرزا، میر منظور غضنفر اور دیگر کے نام بھی شامل ہیں۔ تمام ملزمان کو پی ایم ایل اے کی عدالت میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ تمام ملزمان کو 27 اگست2022 کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

یہ کیس جے اینڈ کے کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کی غیر متعلقہ پارٹیوں بشمول جے کے سی اے کے عہدیداروں کے مختلف ذاتی بینک کھاتوں میں منتقلی اور جے کے سی اے کے بینک کھاتوں سے نقد رقم نکالنے سے متعلق ہے۔

ای ڈی پہلے ہی فاروق عبداللہ کی 21.50 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر چکی ہے۔ ای ڈی نے 11.07.2018 کو سی بی آئی کے ذریعہ داخل کردہ چارج شیٹ کی بنیاد پر جے کے سی اے کے عہدیداروں کے خلاف منی لانڈرنگ کی جانچ شروع کی تھی۔

اس سے قبل ای ڈی نے 4 ستمبر 2019 کو جے کے سی اے کے اس وقت کے خزانچی احسن احمد مرزا کو گرفتار کیا تھا۔ مرزا کے خلاف یکم نومبر 2019 کو ایک شکایت درج کی گئی تھی، جس پر مقدمہ چل رہا ہے۔