، اجمیرشریف میں عرس خواجہ کی دھوم ،کھلاہے جنتی دروازہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
اجمیرشریف درگاہ
اجمیرشریف درگاہ

 

اجمیر: اجمیرشریف میں عرس خواجہ معین الدین چشتی کی دھوم ہے۔اس بار سالہائے گشتہ کے مقابلے بھیڑ کم ہے مگر زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔جنتتی دروازہ کھول دیا گیاہے۔یہ وہ تاریخی دوازہ ہے جس سے خواجہ معین الدین چشتی کی آمدورفت ہوتی تھی اور اسی مناسبت سے اسے  جنتی دروازہ کہاجاتاہے۔سال میں صرف پانچ مواقع پر یہ گیٹ کھلتاہے۔

راجستھان کے اجمیرشریف میں خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 809 ویں سالانہ عرس کاسلسلہ جاری ہے ،آج عرس کا تیسرا دن ہے۔ پہلی رجب سے عرس کی تقریبات کاباقاعدہ طور پرآغاز ہوگیا تھا۔حالانکہ چند دن قبل درگاہ کے بلند دروازے پرپرچم لہراکر آمد عرس کا اعلان کیا گیا۔پرچم کشائی کی رسم بھیلواڑہ کا غوری خاندان انجام دیتاہے۔

عرس کی تقریبات کے دوران مزارمبارک کو گلاب اور کیوڑے کے پانی سے دھویا جاتاہے، قوالی کی محفل سجتی ہے اور عقیدت مندوں کی جانب سے چادریں چڑھائی جاتی ہیں۔ عرس کے موقع پر لاکھوں کی تعداد میں زائرین آتے ہیں ۔ اس بار کورونا کے سبب حکومت کی جانب سے کچھ پابندیاں ہیں جن کے تحت زائرین کو ماسک لگاکر آنے کو کہا گیاہے اور دوری بناکر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

حالانکہ سالہائے گزشتہ کے مقابلے کم بھیڑ کی امید کی جارہی ہے کیونکہ ٹرنیں بند ہیں اور نقل وحمل کے دوسرے ذرائع پر اب بھی پابندیوں کا اثر ہے۔ باوجود اسکے حکومت اور درگاہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے لئے خصوصی سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمتہ اللہ علیہ کا عرس یوں تو اجمیر میں ہوتا ہے مگر اس کا اثر پورے راجستھان صوبے پر بڑتاہے۔ خاص طور پر جے پور میں رونق بڑھ جاتی ہے کیونکہ اجمیر آنے والے زائرین کا ایک بڑا طبقہ جے پور اور راجستھان کے دوسرے تاریخی مقامات کی سیر کے لئے جاتا ہے۔

ان دنوں جے پور کی بھی متعدد درگاہوں میں قوالی کی محفلیں نظر آرہی ہیں، لنگر کا اہتمام کیا جا رہا ہے، متعدد مقامات پر سبیلوں کا نظم کیاجارہا ہے کیونکہ اجمیر جانے والے زائرین کی آمد شروع ہوچکی ہے۔ اجمیر شریف بھارت میں صوفیا کا مرکز کہا جاتا ہے۔ حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے عقیدتمند صرف بھارت ہی میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہیں۔

یہی سبب ہے کہ ان کے عرس کی دھوم صرف اجمیر میں نہیں بلکہ دیگر ریاستوں کے ساتھ بر صغیر کے کچھ ممالک میں بھی دیکھی جاتی ہے۔ جے پور میں بھی اجمیر عرس کی رونق ان دنوں خوب نظر آرہی ہے۔ دراصل ہر برس عرس میں شریک ہونے والے زائرین راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں الگ الگ مقامات پر قیام کرتے ہیں تو ایک الگ سا ماحول ہوتا ہے۔

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا 17 فروری کو اجمیر کے دورے کا پروگرام ہے۔ وہ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے چادر چڑھا سکتے ہیں اور درگاہ کمیٹی کے ذریعہ درگاہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرسکتے ہیں۔