نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی تحقیقاتی بیورو نے ایک اعلیٰ سطحی جعلسازی اور رشوت خوری کے معاملے میں اجیت کمار پاترا اور اس کے ساتھی منکو لال جین کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی بی آئی کو ملی مصدقہ اطلاع کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ دونوں افراد سینئر سرکاری افسران، مختلف وزارتوں اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے افسر بن کر لوگوں سے رقم بٹورنے کا کام کر رہے تھے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اجیت کمار پاترا اور اس کا ساتھی منکو جین مختلف محکموں اور ایجنسیوں کے بڑے افسران کے نام پر لوگوں کو دھمکاتے اور ڈراتے تھے۔یہ دونوں سرکاری تعلقات اور اعلیٰ عہدے داروں سے قریبی روابط ہونے کا دعویٰ کرتے تھے۔
انہیں اکثر وی آئی پی ٹریٹمنٹ مل جاتا تھا، سرکاری گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرتے تھے، اور ہائی سیکیورٹی علاقوں میں بھی داخلے کی اجازت حاصل کر لیتے تھے۔ یہ لوگ مذہبی تقریبات اور سرکاری پروگراموں میں خود کو مرکزی ایجنسیوں کے افسر کے طور پر ظاہر کر کے شریک ہوتے تھے۔
سی بی آئی کو ملی معلومات کے مطابق، 4 نومبر 2025 کو جی ایس ٹی انٹیلیجنس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل جے پور نے سائبرڈئیر نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او ونود پریہار کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا تھا۔ ونود پریہار نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اجیت پاترا اور اس کے ساتھی سے مدد مانگی، جنہوں نے بدلے میں 18 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔ 10 نومبر کو سی بی آئی نے جال بچھا کر دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جب وہ یہ رقم وصول کر رہے تھے۔
چھاپہ ماری میں بڑی برآمدگی
چھاپہ ماری کے دوران سی بی آئی کو درج ذیل چیزیں ملی ہیں
۔18 لاکھ روپے کی ٹریپ منی
تقریباً 3.7 کروڑ روپے نقد
۔1 کلو سونا
۔26 جائیدادوں کے دستاویزات (اجیت پاترا اور اس کے رشتہ داروں کے نام پر)
۔4 لگژری کاریں اور 12 دیگر گاڑیاں
متعدد ڈیجیٹل ڈیوائسز اور دیگر قابلِ اعتراض دستاویزات
یہ سب کچھ دہلی، راجستھان اور اڑیسہ میں کی گئی چھاپہ ماری کے دوران برآمد ہوا۔ فی الحال سی بی آئی یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ اس جعلساز نیٹ ورک میں اور کون لوگ شامل تھے، اور کیا کچھ سرکاری افسران بھی اس میں ملوث تھے۔