آنند گری کے آشرم میں پہنچی سی بی آئی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-09-2021
آنند گری کے آشرم میں پہنچی سی بی آئی
آنند گری کے آشرم میں پہنچی سی بی آئی

 

 

آواز دی وائس، ہری دوار

سی بی آئی ہری دوار میں اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندر گری کی موت کے پیچھے راز جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

سی بی آئی کی ٹیم  گذشتہ شام  تقریبا: 7:40 بجے ہریدوار کے شیام پور کنگری میں واقع آنند گری کے ہمراہ ان کے آشرم پہنچی۔

وہاں تقریبا سات گھنٹوں تک تفتیش جاری رہی ۔ یہاں کے ملازمین سے الگ الگ پوچھ گچھ کی گئی۔ نیز آنند گری کے سامنے بھی ان ملازمین سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ٹیم نے 2:50 بجے آشرم میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کے ڈی وی آر، لیپ ٹاپ ، آنند گری کے آئی فون اور 4 خدمت گاروں کے موبائل قبضے میں لے لیے ہیں۔

سی بی آئی اس سی ڈی کی تلاش کر رہی ہے جس کا ذکر مہنت نریندر گری نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آشرم سے ایک ڈی وی آر چوری ہو گیا۔ یہ کس کا DVR تھا؟ اس بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ سی بی آئی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 4 دن قبل ایک نوجوان چوری کی نیت سے آشرم میں داخل ہوا تھا۔ پڑوسیوں نے اسے چوری کرتے پکڑا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے پکڑے گئے چور سے پوچھ گچھ بھی کی۔

آشرم سے ڈی وی آر کے غائب ہونے کے بعد سی بی آئی کا شبہ گہرا ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب آشرم کو سیل کر دیا گیا تھا اور پولیس سکیورٹی میں تعینات تھی تو چوری کیسے ہوئی؟ ٹیم اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

جب کہ اس موقع پر آنند گری نے کہا کہ تحقیقات میں سچ سامنے آئے گا۔ بدھ کی رات سی بی آئی آنند گری کو فلائٹ کے ذریعے دہرادون لے گئی۔ وہاں سے وہ اسے آشرم لے گئی۔

آنند گری نے میڈیا کو دیکھتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی تحقیقات میں سچ سامنے آئے گا۔ آپ لوگ انہیں کام کرنے دیں۔ آشرم سیل ہونے کی وجہ سے ٹیم کو اندر جانے کے لیے تقریبا15 منٹ انتظار کرنا پڑا۔

سی بی آئی نے 27 ستمبر2021 کو مہنت نریندر گری کی موت کے سلسلے میں آنند گری ، آدھیا اور سندیپ کو 7 روزہ ریمانڈ پر لیا ہوا ہے۔

تینوں سے الگ الگ پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ باگمباری مٹھ کے مہنت نریندر گری کی لاش 20 ستمبر2021 کی شام لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔

لاش کے قریب سے ملنے والے سوسائڈ نوٹ میں شاگرد آنند گری ، آدیا پرساد تیواری اور سندیپ تیواری کو ان کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

نوٹ میں لکھا تھا کہ تینوں مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں۔ اس سی ڈی کو ٹریس کرنے کے لیے سی بی آئی مرکزی ملزم آنند گری کو ہریدوار لے گئی ہے۔