نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے 13 نومبر کو راجیش بوتھرا نامی ملزم کو گرفتار کر لیا، جو کہ سنگاپور کا رہائشی ہے۔ اسے 31.60 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کیس میں ہندوستان آمد کی معلومات ملنے پر نئی دہلی کے ایرو سٹی واقع ہوٹل انداز اور حیات ریزیڈنسز سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق، سی بی آئی نے یہ مقدمہ پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کی شکایت پر درج کیا تھا، جس میں کمپنی ، اس کے ڈائریکٹرز، نامعلوم افراد اور نامعلوم سرکاری اہلکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے بینک سے 31.60 کروڑ روپے کا فراڈ کیا، اور ایف ایل سی لمٹ کا غلط استعمال کیا۔
بیان کے مطابق، تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم راجیش بوتھرا نے ایف آئی آر میں نامزد کمپنی اور اس کے ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کر ایک سازش رچی اور جعلی/بوگس بلس فراہم کیے، جن میں غلط طور پر ساتھ فرضی خرید و فروخت دکھائی گئی۔ یہ جعلی بل کمپنی نے بینک کو جمع کرائے، جس کی بنیاد پر کمپنی نے ایل سی کی رقم کو ہتھیا لیا، اور پی این بی (ای-او بی سی) کو تقریباً 32 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
ملزم راجیش بوتھرا سی بی آئی، اے سی بی لکھنؤ کے کچھ دیگر مقدمات میں بھی نامزد ہے، جن میں اس کے خلاف چارج شیٹ داخل ہو چکی ہے۔ وہ ان مقدمات کی تحقیقات کے دوران کبھی حاضر نہیں ہوا اور نہ ہی ٹرائل کے وقت عدالت میں پیش ہوا۔ اس کے خلاف متعدد بینک فراڈ اور معاشی جرائم کے مقدمات درج ہیں۔
راجیش بوتھرا کی گرفتاری سے نہ صرف اس کیس میں اس سے بازپرس ممکن ہو سکے گی، بلکہ اسے دیگر چارج شیٹ شدہ مقدمات کے ٹرائل میں بھی عدالت کے سامنے پیش کیا جا سکے گا، اور وہ ہندوستان سے فرار ہو کر قانون کی کارروائی سے بچ نہیں سکے گا۔
ملزم راجیش بوتھرا کو آج متعلقہ ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔