سی بی آئی: پرل پونزی اسکیم گھوٹالے میں گیارہ گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-12-2021
سی بی آئی: پرل پونزی اسکیم  گھوٹالے میں گیارہ گرفتار
سی بی آئی: پرل پونزی اسکیم گھوٹالے میں گیارہ گرفتار

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 60,000 کروڑ روپے کے پرل پونزی گھوٹالہ کیس میں پرل گروپ کے تاجروں اور ملازمین سمیت 11 مزید لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

سی بی آئی کے ایک اہلکار نے کہاکہ چندر بھوشن ڈھلون، پریم سیٹھ، منموہن کمل مہاجن، موہن لال سہجپال، کنول جیت سنگھ تور پرل گروپ کے ملازم ہیں جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ ہم نے دہلی، چندی گڑھ اور کولکاتہ سے پروین کمار اگروال، منوج کمار جین، آکاش اگروال، انیل کمار کھیمکا، سبھاش اگروال اور راجیش کو بھی گرفتار کیا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ سی بی آئی نے پہلے سپریم کورٹ کی ہدایت پر پرل گروپ کے خلاف ابتدائی تحقیقات درج کی تھی۔ جس نے مبینہ طور پر مختلف سرمایہ کاری اسکیموں کو غیر قانونی طور پر چلا کر ملک بھر میں تقریباً پانچ کروڑ سرمایہ کاروں کو لالچ دیااور تقریباً 60,000 کروڑ روپئے بغیر کسی قانونی منظوری کے، دھوکہ دہی کے ارادے سے اکٹھے کیے گئے۔

ملزمان نے سرمایہ کاروں کو لالچ دینے کے لیے زمین کی ضمانت دی تھی۔ لوگوں کو بتایا گیا کہ اگر وہ سرمایہ کاری کریں گے تو انہیں 12.5 فیصد سود ملے گا۔ انہیں ان کی سرمایہ کاری پر مفت ایکسیڈنٹ انشورنس اور انکم ٹیکس فری میچورٹی کی پیشکش کی گئی۔ملزمان نے سرمایہ کاروں سے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ وہ جوزمین خرید رہے ہیں اس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ بعد میں تحقیقات کی بنیاد پر پرل گروپ کی ان دو بڑی کمپنیوں کے پی جی ایف لمیٹڈ، پی اے سی ایل لمیٹڈ، نرمل سنگھ بھنگو اور دیگر ڈائریکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران نرمل سنگھ بھنگو، سکھ دیو سنگھ، سبرت بھٹاچاریہ اور گرمیت سنگھ کو جنوری 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں اپریل 2016 میں سی بی آئی نے ان کے خلاف پہلی چارج شیٹ داخل کی۔

سی بی آئی نے نرمل سنگھ بھنگو کی 1.85 لاکھ کروڑ روپے کی جائیدادوں کی ملک بھر میں موجودہ مارکیٹ قیمت پر شناخت کی تھی۔ ملزم نے آسٹریلوی کمپنیوں میں بھی سرمایہ کاری کی تھی۔ آسٹریلوی کرکٹر بریٹ لی پرل گروپ کے برانڈ ایمبیسیڈر تھے اور آئی پی ایل کی ٹیم 'کنگز الیون پنجاب' کو بھی پرل گروپ نے سپانسر کیا تھا۔

اس کروڑوں کے مالیاتی گھوٹالے میں دیگر ملزمان کے کردار کی تحقیقات کے لیے کیس کی مزید تفتیش جاری رکھی گئی جس نے کروڑوں سرمایہ کاروں کے مفادات کو بری طرح متاثر کیا۔ آج صبح سی بی آئی نے اس کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں مزید 11 لوگوں کو گرفتار کیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اس سلسلے میں پی ایم ایل اے کیس کی بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔