ریلوے بھرتی امتحانات پرہنگامہ،معروف یوٹیوبر’’خان سر‘‘کے خلاف کیس درج

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-01-2022
ریلوے بھرتی امتحانات پرہنگامہ،معروف یوٹیوبر’’خان سر‘‘کے خلاف کیس درج
ریلوے بھرتی امتحانات پرہنگامہ،معروف یوٹیوبر’’خان سر‘‘کے خلاف کیس درج

 

 

پٹنہ: ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ غیر تکنیکی زمروں کے آرآربی۔این ٹی پی سی کے امتحانات میں مبینہ تضادات کے خلاف اتر پردیش سے بہار کے کئی اضلاع میں احتجاج جاری ہے۔

گیا ضلع میں ایک ٹرین کو نذر آتش کیا گیا اور کچھ دوسرے اسٹیشنوں پر بھی مظاہرے کیے گئے۔ ہجوم نے گیا جنکشن پر دھاوا بول دیا، نعرے لگائے اور بھبھوا-پٹنہ انٹر سٹی ایکسپریس کو آگ لگا دی۔ چوتھے دن مظاہرے کو پرتشدد شکل نہ دینے کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس معاملے میں بدھ کی شام کو پٹنہ کے پترکار نگر پولیس اسٹیشن میں کوچنگ آپریٹر اور یوٹیوبر فیضل خان عرف خان سر سمیت کچھ کوچنگ آپریٹروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے اندراج کے بعد سوشل میڈیا سے لے کر سرچ انجن گوگل تک خان صاحب کے بارے میں کافی سرچ کیا جا رہا ہے۔ لوگ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خان سر کون ہیں۔ اصل میں گورکھپور، اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے، فضل خان، پٹنہ میں جی ایس کوچنگ سینٹر چلاتے ہیں۔

تاہم وہ یوٹیوب پر کلاس لینے کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ دیہاتی مخصوص انداز میں کلاسز لینے کی وجہ سے خان سر کی سوشل میڈیا پر بہت بڑی فین فالوونگ ہے۔

خان سر کے والد ہندوستانی فوج میں افسر رہے ہیں۔ فی الحال ریٹائرڈ ہیں۔ جبکہ ماں گھریلو خاتون ہیں۔ خان سر کے بڑے بھائی بھی فوج میں کمانڈو کے عہدے پر تعینات ہیں۔

خاندان میں فوج کے ماحول کی وجہ سے خان سر نے بارہویں جماعت مکمل کرنے کے بعد فوج میں بھرتی ہونے کے لیے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں داخلہ لینے کی تیاری بھی کی تھی، تحریری امتحان پاس کرنے کے بعد انٹرویو کے دوران سلیکشن نہ ہو سکا۔

خان سر کو بچپن سے ہی جنرل نالج میں بہت دلچسپی ہے۔ این ڈی اے میں منتخب نہ ہونے کے بعد انھوں نے کوچنگ کی کلاسیں لینی شروع کر دیں۔ کلاس لینے کے اپنے منفرد انداز کی وجہ سے ان کی شہرت تھوڑے ہی عرصے میں کافی ہوگئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر جی ایس کی کلاسیں لینے کے ساتھ ساتھ، وہ خان جی ایس ریسرچ سینٹر کے نام سے ایک کوچنگ سینٹر چلاتے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے جنرل نالج اور سائنس وغیرہ پر بھی کچھ کتابیں لکھی ہیں۔

انہوں نے اردو زبان میں ایک کتاب بھی لکھی ہے۔ خان سر اپنے اصل نام کے حوالے سے بھی تنازعات میں رہے ہیں۔ وہ کبھی اپنا نام امیت بتاتے رہے ہیں اور کبھی کچھ اور۔ تاہم جب جھگڑا ہوا تو اس نے طلبہ کے سامنے اپنا نام فضل خان ظاہر کیا

۔ 24 جنوری کو پٹنہ کے راجندر نگر ٹرمینل پر طلباء نے ہنگامہ کیا۔ اسی معاملے میں 300 سے 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ اس تفتیش میں طلبہ کشن کمار، روہت کمار، راجن کمار اور وکرم کمار کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے سامنے ان کے بیان کی بنیاد پر خان سر اور دیگر کوچنگ انسٹی ٹیوٹ چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ خان سر کے علاوہ، ایس کے جھا سر، نوین سر، امرناتھ سر، گگن پرتاپ سر، گوپال ورما سر اور مارکیٹ کمیٹی کے مختلف کوچنگ آپریٹرز کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان سبھی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 147، 148، 149، 151، 152، 186، 187، 188، 330، 332، 353، 504، 506 اور 120-B کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔