پولس حراست میں موت کا معاملہ لکھنوپولس کے حوالے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-04-2022
پولس حراست میں موت کا معاملہ لکھنوپولس کے حوالے
پولس حراست میں موت کا معاملہ لکھنوپولس کے حوالے

 

 

نئی دہلی: اترپردیش کے اناؤ ضلع میں 18 سالہ نوجوان کی پولیس حراست میں موت کے معاملے میں سپریم کورٹ نے تحقیقات لکھنؤ پولیس کو منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ نوجوان کی والدہ کی درخواست پر دیا ہے۔ تاہم سپریم کورٹ نے کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو منتقل نہیں کیا ہے۔ اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے، عدالت نے منگل کو کہا کہ اناؤ پولس کی طرف سے پہلی نظر میں تفتیش مناسب نہیں ہے۔

تفتیشی افسر کی طرف سے کی جانے والی تفتیش کو غیر جانبدار نہیں کہا جا سکتا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے لکھنؤ کے انسپکٹر جنرل آف پولیس انٹیلی جنس بھگوان سوروپ کو معاملے کی جانچ کی نگرانی کرنے کو کہا ہے۔ سپریم کورٹ نے آئی جی پی سے 8 ہفتوں میں اس معاملے میں رپورٹ داخل کرنے کو کہا ہے۔

سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت اور اناؤ پولیس سے کہا ہے کہ وہ اس کیس سے متعلق دستاویزات آئی جی پی کو منتقل کریں۔ فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالت کے سامنے رکھے گئے دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ تفتیشی افسر نے شفاف تحقیقات نہیں کیں۔ سپریم کورٹ میں کیس کی اگلی سماعت 19 جولائی کو ہوگی۔

بتادیں کہ 18 سالہ سبزی فروش فیصل حسین کی اناؤ کے بنگرماؤ تھانے کی پولیس حراست میں موت ہوگئی۔ اس سلسلے میں 21 مئی 2021 کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

فیصل کی والدہ نسیمہ نے الہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر کے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن ہائی کورٹ نے درخواست خارج کر دی۔ جس کے بعد متاثرہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا۔