نوپورشرما، نوین، صبانقوی سمیت متعددافرادپرکیس

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
نوپورشرما، نوین، صبانقوی سمیت متعددافرادپرکیس
نوپورشرما، نوین، صبانقوی سمیت متعددافرادپرکیس

 

 

نئی دہلی: دہلی پولیس نے بدھ کو کہا کہ اس نے کچھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو مبینہ طور پر نفرت انگیز پیغامات پھیلا رہے ہیں اور مختلف گروپوں کو اکسا رہے ہیں۔ یہ لوگ ایسی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، جس سے ماحول خراب ہو جائے۔

اسپیشل سیل کے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز یونٹ کے ذریعہ درج کیس میں جن لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے ان میں دہلی بی جے پی میڈیا ونگ کے برخاست سربراہ نوین کمار جندل، پیس پارٹی کے چیف ترجمان شاداب چوہان شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ صحافی صبا نقوی، ہندو مہاسبھا کی عہدیدار پوجا شکون پانڈے، راجستھان کے مفتی ندیم، عبدالرحمان، انیل کمار مینا اور گلزار انصاری کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا الزام ہے کہ مختلف مذاہب کے خلاف نازیبا تبصرہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ماحول کو خراب کرنے اور سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی پوسٹس بھی سوشل میڈیا پر ڈالی گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس نے کہا کہ بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما اور دیگر سوشل میڈیا صارفین کے خلاف بھی اسی طرح کی دفعات کے تحت دوسری ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے پی ایس ملہوترا نے کہا، "ایف آئی آر کئی مذاہب کے لوگوں کے خلاف ہے۔"

 

دہلی پولیس نے بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے خلاف پیغمبر اسلام پر ایک ٹی وی مباحثے کے دوران توہین آمیز ریمارکس کرنے پر ایف آئی آر درج کی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹس اور پیغمبر اسلام کے بارے میں غلط معلومات دینے کے خلاف آٹھ دیگر افراد کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ہے۔

دہلی پولیس کی آئی ایس ایس او یونٹ نے ان لوگوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے درج کی گئی دوسری ایف آئی آر میں بی جے پی کے نوین جندل، صحافی صبا نقوی کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

اس میں شاداب چوہان، مولانا مفتی ندیم، عبدالرحمن، گلزار انصاری، انیل کمار مینا اور پوجا شکون کے نام ہیں۔ دہلی پولیس اب ان لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے نوٹس بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔

دہلی پولیس کی جانب سے ان تمام کے خلاف دشمنی پھیلانے اور بھڑکانے اور آپسی بھائی چارے میں دراڑ پیدا کرنے میں ملوث ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس معاملے میں صحافی صبا نقوی کے آفیشل بیان کا انتظار ہے، حالانکہ انہوں نے اپنی آخری ٹوئٹ (7 جون کو) میں لکھا تھا کہ وہ کچھ عرصے کے لیے سوشل میڈیا سے دور ہو رہی ہیں۔

بتا دیں کہ بی جے پی لیڈر نوپور شرما اور نوین کمار جندل کی طرف سے پیغمبر اسلام پر کیے گئے ریمارکس پر تنازعہ ابھی تک جاری ہے۔

متعدد ممالک نے متنازعہ ریمارکس پر ہندوستان کے خلاف سرکاری احتجاج درج کرایا ہے۔ بی جے پی کی قومی ترجمان نوپور شرما کو معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ پارٹی کی دہلی یونٹ کے میڈیا سربراہ نوین کمار جندل کو نکال دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، بی جے پی نے اب اپنی پارٹی کے ترجمانوں کے لیے کئی ہدایات جاری کی ہیں۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق پارٹی کے ترجمانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اب صرف آفیشیل ترجمان اور پینلسٹ ٹی وی چینلز کے مباحثوں میں جائیں گے۔

انہیں پارٹی کا میڈیا سیل بتائے گا۔ کسی مذہب کے خلاف بات نہ کریں۔ کسی مذہب کے پیروکاروں اور علامتوں کی بات بھی نہ کریں، یہ تاکید کی گئی ہے۔