ایم ایل اے شجیل اسلام کے پٹرول پمپ پر چلا بلڈوزر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 9 Months ago
ایم ایل اے شجیل اسلام کے پٹرول پمپ پر چلا بلڈوزر


آواز دی وائس،بریلی

بریلی کی ضلع انتظامیہ نے سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے شجیل اسلام انصاری کے ایک پٹرول پمپ کو منہدم کردیا۔

یہ پیش رفت ایس پی ایم ایل اے کی جانب سے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو مبینہ طور پر دھمکی دینے کے چند دن بعد ہوئی ہے۔

ان پر الزام ہے کہ پٹرول پمپ متعلقہ حکام سے منظوری لیے بغیر تعمیر کیا گیا۔ حال ہی میں، ایم ایل اے اور پارٹی کے کچھ دیگر رہنماؤں کے خلاف یوگی آدتیہ ناتھ کو مبینہ طور پر دھمکی دینے اور ان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بریلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت سنگھ سجوان کے مطابق ہندو یوا واہنی کے بریلی ضلع انچارج انوج ورما کی شکایت پر بھوجی پورہ اسمبلی حلقہ کے ایس پی ایم ایل اے شجیل اسلام کے علاوہ پارٹی کی ضلع یونٹ کے نائب صدر سنجیو کمار اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باراداری پولیس اسٹیشن میں دفعہ 504 (امن کی خلاف ورزی)، 506 (دھمکی دینا) اور 153A (فسادات بھڑکانے کے ارادے سے اشتعال انگیز بیان دینا) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

انوج ورما نے اپنی شکایت میں شجیل اسلام پر بریلی کے آکاش پورم میں ایس پی ایم ایل اے کے اعزاز میں سکسینہ کی طرف سے منعقد ایک تقریب میں وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا۔

کہا جارہا ہے کہ ورما نے ایک نیوز چینل کے ذریعہ نشر کیے گئے شجیل اسلام کے مبینہ بیان کے ویڈیو کلپ کی بنیاد پر ایس پی ایم ایل اے اور دیگر کے خلاف شکایت درج کرائی۔ تاہم، بھوجی پورہ کے ایم ایل اے نے ویڈیو کلپ کی سچائی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نیوز چینل نے ان کے بیان سے چھیڑ چھاڑ کی ہے۔