سرحدی تنازعہ:ہند۔ چین فوجی کمانڈروں کی ملاقات بےنتیجہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-10-2021
ہند۔ چین فوجی کمانڈروں کی ملاقات  بےنتیجہ
ہند۔ چین فوجی کمانڈروں کی ملاقات بےنتیجہ

 

 

نئی دہلی : ہندوستان اور چینی افواج کے کمانڈروں نے اتوار کو ملاقات کی ہے اور 17 ماہ سے جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنی متنازع سرحد کے ساتھ اہم علاقوں سے فوجیوں کو ہٹانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مگر بات چیت کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی ۔

ہندوستانی فوج کے ترجمان کرنل سدھیر چمولی کا کہنا ہے کہ کمانڈر لداخ کے علاقے میں چین کی طرف مالڈو میں دو ماہ کے وقفے کے بعد ملے اور پیر کو ایک مشترکہ بیان جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ 

ہندوستانی فوج نے کہا کہ ہم نے ایل اے سی سے متصل علاقوں اور دیگر متنازعہ حصوں کے حوالے سے بہت سی تعمیری تجاویز دیں ، لیکن چینی فوج اس سے متفق نہیں ہوئی۔ اس وجہ سے مذاکرات کا 13 واں دور بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات مشرقی لداخ میں ایل اے سی کے ساتھ تعطل کو ختم کرنے پر مرکوز تھے۔

فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہندوستا نی فریق نے بتایا کہ ایل اے سی پر تعطل کی یہ صورتحال چین کی وجہ سے ہے۔ چینی فریق یکطرفہ طور پر صورتحال کو تبدیل کرنے اور دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایسی صورتحال میں ضروری ہے کہ چین ان علاقوں کے حوالے سے مناسب اقدامات کرے ، تاکہ ایل اے سی کے ساتھ ساتھ باقی علاقوں میں بھی امن بحال ہو سکے۔ 

دونوں ممالک مذاکرات جاری رکھنے پر متفق ہیں

ہندوستانی فوج نے کہا کہ دونوں فریقوں نے مواصلات کو برقرار رکھنے اور زمین پر استحکام برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ چینی فریق دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھے گا اور دوطرفہ معاہدوں اور پروٹوکول کی مکمل تعمیل کرے گا۔ اس طرح ، متنازعہ مسائل کے فوری حل کی سمت میں کام کیا جائے گا۔ فروری کے بعد سے ہندوستان اور چین دونوں نے پینگونگ سون، گوگرا اور وادی گالوان کے شمالی اور جنوبی کناروں پر کچھ آمنے سامنے والی جگہوں سے فوج واپس بلا لی ہے، لیکن انہوں نے کثیر درجے کی تعیناتی کے حصے کے طور پر اضافی فوجیوں کو برقرار رکھا ہے۔ 

ڈیم چوک اور دیپسانگ کے میدانی علاقوں میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔

کشمکش جاری رہنے کی وجہ سے دونوں فریق لداخ کے سرحدی علاقوں میں مسلسل دوسرے موسم سرما میں منجمد درجہ حرارت میں فوجیوں کی تعیناتی کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

یہ مذاکرات ہندوستانی فوج کے سربراہ کی جانب سے چینی فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر فوجیوں اور ہتھیاروں کی تعیناتی پر اظہار مایوسی کے درمیان ہوئے ہیں۔

 جنرل ایم ایم ناراوانے کا سنیچر کو کہنا تھا کہ 'جی ہاں یہ تشویش کی بات ہے کہ بڑے پیمانے پر تعمیر ہو چکی ہے اور اپنی جگہ پر جاری ہے، اور اس طرح کی تعمیر کو برقرار رکھنے کے لیے چین کی طرف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی برابر مقدار رہی ہے۔

 جنوری کے مہینے میں لداخ کے آگے کے علاقوں میں درجہ حرارت صفر سیلسیس سے نیچے 30 تک آ جاتا ہے۔ دونوں اطراف کے فوجی اس وقت اپنے روایتی موسم گرما کی پوزیشنوں پر پیچھے چلے جاتے تھے، لیکن گذشتہ سال مئی میں کشیدگی کے بعد سے اب متنازع سرحد کے قریب رہتے ہیں