اروناچل پردیش : برفانی تودے میں پھنسے7 فوجیوں کی لاشیں برآمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
اروناچل پردیش : برفانی تودے  میں پھنسے7 فوجیوں کی لاشیں برآمد
اروناچل پردیش : برفانی تودے میں پھنسے7 فوجیوں کی لاشیں برآمد

 

 

آواز دی وائس،ایٹانگر

اروناچل پردیش میں اتوار کو برفانی تودہ گرنے سے لاپتہ ہونے والے 7 فوجی جوانوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

فوج کے مطابق وہ گزشتہ دو دنوں سے برف میں پھنسے ہوئے تھے۔  فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیمانگ سیکٹر کے اونچائی والے علاقے میں برفانی تودے میں پھنسے سات فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

تمام جوانوں کی لاشیں برفانی تودے کی جگہ سے نکال لی گئی ہیں۔

قبل ازیں پیر کو فوج نے اس واقعہ کی باضابطہ تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ فوج کی ایک گشتی ٹیم اروناچل میں برفانی تودے کی زد میں آ گئی ہے۔ تب سے فوج کا ریسکیو آپریشن جاری تھا۔

ریسکیو آپریشن کے لیے فوج نے بتایا تھا کہ ان تمام فوجیوں کو بچانے کے لیے ایک خصوصی ٹیم کو ہوائی جہاز سے موقع پر روانہ کیا گیا تھا۔ تاہم دو دن کے آپریشن کے بعد بھی کسی بھی جوان کو بچایا نہیں جا سکا۔

  فوج کے حکام کا کہنا ہے کہ سردیوں کے مہینوں میں اونچائی والے علاقوں میں گشت کرنا مشکل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ماضی میں کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں اور ہم اپنے کئی فوجیوں کو کھو چکے ہیں۔ مئی 2020 میں سکم میں برفانی تودہ گرنے سے دو فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی طرح 2019 میں برفانی تودہ گرنے سے 17 فوجی ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ اکتوبر 2021 میں اتراکھنڈ میں ترشول پہاڑ پر برفانی تودہ گرنے سے بحریہ کے 5 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ ساتھ ہی مرکز نے بھی کئی بار پارلیمنٹ میں اس بارے میں جانکاری دی ہے۔

فروری 2020 میں، مرکز نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 2019 میں، سیاچن گلیشیئر میں برفانی تودہ گرنے سے 6 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے، جب کہ دیگر مقامات پر اسی طرح کے واقعات میں 11 دیگر ہلاک ہوئے تھے۔

 مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا کہ اونچائی والے علاقوں میں شامل تمام مسلح افواج کے اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ جس میں انہیں برف سے ڈھکے ہوئے علاقوں میں زندہ رہنے اور برفانی تودے جیسے کسی بھی واقعے سے نمٹنے، گشت کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مناسب تربیت دی جاتی ہے۔

اس حادثے پر مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان ہماری حفاظت اور سلامتی کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، میں ان جوانوں کو سلام کرتی ہوں۔