بلیک اینڈ وائٹ فلموں کی اداکارہ کامنی کوشل کا انتقال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2025
بلیک اینڈ وائٹ فلموں کی اداکارہ کامنی کوشل کا انتقال
بلیک اینڈ وائٹ فلموں کی اداکارہ کامنی کوشل کا انتقال

 



ممبئی: بالی وڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کی صحت سے متعلق گردش کرتی خبروں کے درمیان فلم انڈسٹری سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ ہندوستان کی معمر ترین اداکارہ کامنی کوشل 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی تھیں۔

کامنی کوشل نے اپنے شاندار فن کے ذریعے فلمی دنیا میں منفرد مقام حاصل کیا۔ بطور ہیروئن فلموں میں کام کرنے کے بعد انہوں نے کئی فلموں میں ماں کے کردار بھی نہایت یادگار انداز میں نبھائے۔ کامنی کوشل 24 جنوری 1927 کو لاہور میں معروف ماہرِ نباتات پروفیسر ایس آر کشیپ کے گھر پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام اُما کشیپ تھا۔

وہ دو بھائیوں اور تین بہنوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ صرف سات سال کی عمر میں ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا۔ اُما کشیپ بچپن سے ہی باصلاحیت تھیں اور تعلیم میں ہمیشہ نمایاں رہتی تھیں۔ صرف دس برس کی عمر میں انہوں نے اپنا پپٹ تھیٹر (کٹھ پتلی تھیٹر) خود بنایا۔ انہوں نے آل انڈیا ریڈیو پر ڈراموں میں بھی حصہ لیا۔

فلم ساز چیتن آنند نے انہیں ریڈیو پر سنا اور ان کی دل کش آواز سے متاثر ہو کر انہیں فلم نیچا نگر میں کام کی پیشکش کی۔ چونکہ چیتن آنند کی بیوی کا نام بھی اُما تھا اور وہ فلم کا حصہ تھیں، اس لیے انہوں نے اُما کشیپ کو فلمی نام کامنی دیا۔ کامنی کوشل نے 1946 میں فلم نیچا نگر سے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا، جس میں انہوں نے "روپا" کا کردار ادا کیا۔ اس فلم کا پہلا پریمئر 29 ستمبر 1946 کو فرانس کے کان فلم فیسٹیول میں ہوا، جہاں اسے گولڈن پام ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ چیتن آنند کی پہلی فلم بھی تھی۔ صرف 20 سال کی عمر میں کامنی کوشل شہرت کے عروج پر پہنچ گئی تھیں۔ اداکاری کے دوسرے دور میں وہ خاص طور پر اداکار منوج کمار کی آن اسکرین ماں کے کرداروں کے لیے مشہور رہیں۔ کامنی کوشل کی نمایاں فلموں میں شامل ہیں: شہید (1948)، ندیا کے پار (1948)، آگ (1948)، ضدّی (1948)، شبنم (1949)، آرزو (1950)، اور بیراج بہو (1954)۔

فلم بیراج بہو کے لیے انہیں 1954 میں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ کامنی کوشل نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اپنی خوبصورتی کے باعث بھی مشہور تھیں۔ انہوں نے ہر دور کے ستاروں کے ساتھ کام کیا۔ حالیہ دور میں وہ فلم کبیر سنگھ میں شاہد کپور کی دادی کے کردار میں نظر آئیں، جبکہ چنّئی ایکسپریس میں وہ شاہ رخ خان کی دادی کے طور پر دکھائی دیں۔