راجیہ سبھا میں بی جے پی کے ہوئےسوممبران

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-04-2022
راجیہ سبھا میں بی جے پی کے ہوئےسوممبران
راجیہ سبھا میں بی جے پی کے ہوئےسوممبران

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

بی جے پی 1990 کے بعد راجیہ سبھا میں 100 کا ہندسہ چھونے والی پہلی پارٹی بن گئی ہے۔ جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں بی جے پی نے آسام، تریپورہ اور ناگالینڈ میں ایک ایک سیٹ جیتی ہے۔ اس کے بعد بی جے پی نے پہلی بار راجیہ سبھا میں 100 ممبران حاصل کرنے کی کامیابی حاصل کی ہے۔

ایوان بالا میں 32 سال گزرنے کے بعد بھی کوئی جماعت یہ نمبر حاصل نہیں کر سکی۔ حال ہی میں، چھ ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 13 نشستوں کے لیے دو سالہ انتخابات ہوئے۔

اس میں آسام کی 2، ہماچل پردیش کی 1، کیرالہ کی 3، ناگالینڈ کی 1، تریپورہ کی 1 اور پنجاب کی 5 نشستیں شامل ہیں۔

بی جے پی پنجاب سے ایک سیٹ ہار گئی، لیکن تین شمال مشرقی ریاستوں اور ہماچل پردیش سے ایک ایک سیٹ جیتی۔

خیال رہے کہ راجیہ سبھا کے ایک تہائی ارکان کی میعاد ہر دو سال بعد ختم ہو جاتی ہے۔ راجیہ سبھا کی ویب سائٹ نے ابھی تک نئی تعداد کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے۔ فی الحال بی جے پی کے ارکان کی تعداد 97 ہے۔

حال ہی میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی نے تین سیٹیں جیتی ہیں۔ اس کے بعد راجیہ سبھا میں بی جے پی ارکان کی تعداد 100 تک پہنچ جائے گی۔

راجیہ سبھا میں کل 245 ارکان ہیں اور اکثریتی تعداد 123 ہے۔ بی جے پی آہستہ آہستہ اکثریت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بی جے پی کے پاس 2014 میں راجیہ سبھا میں 55 سیٹیں تھیں اور اس کے بعد سے اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ پارٹی نے کئی ریاستوں میں اقتدار حاصل کیا ہے۔

سنہ 1988 میں راجیہ سبھا میں کانگریس پارٹی کے ارکان کی تعداد 100 سے زیادہ تھی۔ 1988 میں کانگریس کے 108 ارکان تھے۔  پھر 1990 میں ہونے والے دو سالہ انتخابات کے بعد یہ تعداد گھٹ کر 99 رہ گئی اور کانگریس کے ارکان کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔

تاہم راجیہ سبھا میں بی جے پی کی گرفت کمزور پڑ سکتی ہے، کیونکہ جلد ہی تقریباً 52 مزید سیٹوں کے لیے کئی ریاستوں میں پولنگ ہوگی۔ آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، راجستھان، جھارکھنڈ جیسی ریاستوں میں اس کے الٹ ہونے کی توقع ہے۔

وہیں عام آدمی پارٹی کے امیدواروں نے پنجاب میں راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں پر بلامقابلہ کامیابی حاصل کی۔ ان میں دہلی کے راجندر نگر کے ایم ایل اے راگھو چڈھا، کرکٹر ہربھجن سنگھ، سندیپ پاٹھک، سنجیو اروڑہ اور اشوک متل شامل ہیں۔