بی جے پی کے ایم ایل سی امیدواروں میں دانش انصاری اور کیشو موریہ بھی شامل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2022
بی جے پی کے ایم ایل سی امیدواروں میں دانش انصاری اور کیشو موریہ بھی شامل
بی جے پی کے ایم ایل سی امیدواروں میں دانش انصاری اور کیشو موریہ بھی شامل

 

 

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بدھ کو اتر پردیش قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ سمیت نو امیدواروں کا اعلان کیا۔

بی جے پی کے مرکزی دفتر کی جانب سے جاری کردہ امیدواروں کی فہرست میں کیشو پرساد موریہ، چودھری بھوپیندر سنگھ، دیاشنکر مشرا دیالو، جے پی ایس راٹھور، نریندر کشیپ، جسونت سینی، دانش آزاد انصاری، بنواری لال ڈوہرے اور مکیش شرما کے نام شامل ہیں۔

نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور پنچایتی راج کے وزیر چودھری بھوپیندر سنگھ کی بطور رکن قانون ساز کونسل، میعاد 6 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ جب کہ وزیر مملکت آزادانہ چارج جے پی ایس راٹھور، پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر مملکت نریندر کشیپ، آیوش کے آزادانہ چارج کے وزیر مملکت دیا شنکر مشرا دیالو، پارلیمانی امور اور صنعتی ترقی کے وزیر مملکت جسونت سینی شامل ہیں۔

ایک اور وزیر دانش آزاد انصاری بھی کسی بھی ایوان کے رکن نہیں ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے کوشامبی ضلع کی سیراتھو اسمبلی سیٹ سے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن وہ سماج وادی پارٹی کی پلوی پٹیل سے ہار گئے تھے۔

فہرست میں شامل مکیش شرما بی جے پی کے شہر لکھنؤ کے صدر ہیں اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے قریبی مانے جاتے ہیں۔

چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق اتر پردیش قانون ساز کونسل کی 13 نشستوں کے لیے انتخابات کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

انتخابی دفتر کے مطابق کاغذات نامزدگی 9 جون تک داخل کیے جاسکیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 10 جون کو ہوگی۔

اتر پردیش قانون ساز کونسل کے انتخابات 20 جون کو ہوں گے، جبکہ انتخابات کے نتائج کا اعلان اسی دن شام کو کیا جائے گا۔ 13 نشستوں پر انتخابات اور 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ جبکہ 6 ارکان نامزدگی کے ذریعے قانون ساز کونسل میں پہنچیں گے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ یوپی میں بھی 2 سیٹوں پر لوک سبھا انتخابات ہوں گے۔ رام پور اور اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹوں پر لوک سبھا کے ضمنی انتخابات ہوں گے۔

ایس پی نے اعظم گڑھ سے دھرمیندر یادو کو میدان میں اتارا ہے اور بی جے پی نے دنیش لال یادو نرہوا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ دوسری طرف رام پور سے ایس پی امیدوار عاصم رضا ہیں جو اعظم خان کے قریبی ہیں۔

وہیں بی جے پی نے گھنشیام لودھی کو ٹکٹ دیا ہے۔ دوسری طرف، بی جے پی نے بدھ کو مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 10 نشستوں کے انتخابات کے لیے پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ لیکن سابق وزیر پنکجا منڈے کا نام فہرست میں نہیں ہے۔

اس سے پہلے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ پارٹی آنجہانی بی جے پی لیڈر گوپی ناتھ منڈے کی بیٹی پنکجا منڈے کو اپنا امیدوار بنا سکتی ہے۔

پروین یشونت دریکر (موجودہ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر)، رام شنکر شندے (سابق وزیر)، شری کانت بھارتیہ، اوما گریش کھاپرے (بی جے پی کی ریاستی خاتون ونگ صدر) اور پرساد منیش لاڈ کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی نے گجرات میں ریاستی صدر کے علاوہ تمام تنظیموں کو تحلیل کر دیا ہے۔ اس سے صاف ہے کہ گجرات میں عام آدمی پارٹی اب نئی حکمت عملی پر کام کرے گی اور گجرات میں نئی ​​تنظیم بنائے گی۔ جلد ہی عام آدمی پارٹی گجرات میں نئی ​​تنظیم کا اعلان کرے گی۔ پارٹی کنوینر اروند کیجریوال مسلسل گجرات کا دورہ کر رہے ہیں۔