بی جے پی لیڈر اپرنا یادو کو جان سے مارنے کی دھمکی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-06-2022
بی جے پی لیڈر اپرنا یادو کو جان سے مارنے کی دھمکی
بی جے پی لیڈر اپرنا یادو کو جان سے مارنے کی دھمکی

 

 

لکھنو: ملائم سنگھ یادو کی چھوٹی بہو اور بی جے پی لیڈر اپرنا یادو کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھمکی ایک واٹس ایپ کال کے ذریعے دی گئی ہیں۔ تاہم اب اس معاملے میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ معلومات کے مطابق دھمکی دینے والے شخص نے 72 گھنٹے میں اپرنا یادو کو بم سے اڑا دینے کی دھمکی دی ہے۔ اس دھمکی آمیز کال کے بعد راجدھانی لکھنؤ میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر اپرنا یادو نے لکھنؤ کے گوتم پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ پر دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ٹیم اس نمبر کی تحقیقات کر رہی ہے جس نمبر سے کال کی گئی ہے۔ دھمکی آمیز کال بیرون ملک سے آئی تھی۔ جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں بم سے اڑا دیا جائے گا۔

آپ کو بتا دیں کہ اپرنا یادو نے یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اپرنا بھلے ہی سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کی چھوٹی بہو ہوں، لیکن وہ اپنے الفاظ کے ذریعے یہ اظہار کر رہی تھیں کہ وہ سی ایم یوگی کے کام سے بہت متاثر ہیں۔ خیال رہے کہ اپرنا یادو نے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد انتخابی مہم بھی چلائی تھی اور ایس پی سربراہ اکھلیش یادو پر شدید حملہ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی انتخابی تقریروں کے دوران شیو پال یادو کو بھی نشانہ بنایا۔