ممبئی: ٹپو سلطان کے نام پراسپورٹس کمپلیکس، بی جے پی اور بجرنگ دل ناراض

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-01-2022
ممبئی: ٹپو سلطان کے نام پراسپورٹس کمپلیکس، بی جے پی اور بجرنگ دل ناراض
ممبئی: ٹپو سلطان کے نام پراسپورٹس کمپلیکس، بی جے پی اور بجرنگ دل ناراض

 


آواز دی وائس، ممبئی

میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کے نام سے ممبئی کے مضافاتی علاقے ملاڈ میں ایک اسپورٹس کمپلیکس منسوب کئے جانے کے معاملے میں آج یہاں بی جے پی سمیت بجرنگ دل کے رضاکاروں نے زبردست احتجاج کیا نیز خود بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما راج پروہت نے ممبئی کے سرپرست وزیراسلم شیخ کو مشورہ دیا کہ اگر ٹیپو سلطان کے نام پر وہ کچھ چاہتے ہیں تو انھیں پاکستان چلے جانا چاہیے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہندوتوا کے تحفظ" کے لیے سڑکوں پر آنے سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ اسلم شیخ نے اپنے حلقہ انتخاب میں ٹیپو سلطان کے نام سے منسوب ایک کمپلیکس کا افتتاح کیا جس کے بعد بی جے پی ؛ بجرنگ دل نے ایک بڑا تنازعہ کھڑا کر دیا ۔

پروہت نے ٹیپو سلطان کے تعلق سے بھی من گھڑت باتیں کی اور دوران احتجاج پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کئے جانے کی مزمت کی اور حکمراں مہاوکاس اگھاڑی میں شامل شیو سینا سے دریافت کیا کہ اسکا ہندوتوا کہاں گیا؟" ۔ دریں اثنا، مہاراشٹر کے سیاحت اور ماحولیات کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے صحافیوں کو بتایا کہ اسپورٹس کمپلیکس کے سرکاری نام کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا، "منصوبوں کے سرکاری ناموں کو حتمی شکل دینا BMC کے دائرہ کار میں آتا ہے اور میئر نے کہا ہے کہ اس پارک کے سرکاری نام کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔" اسی درمیان بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ وزیر اسلم شیخ مونسپل انتخابات کے انعقاد سے قبل ہندوؤں اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں نیز مسلم راے دہندگان کو خوش کرنے کے لئے ایک سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔

اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوے اسلم شیخ، نے کہا کہ ٹیپو سلطان آزادی سے پہلے واحد جنگجو تھے جنہوں نے انگریزوں انگریزوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان گنوائی انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی جانب سے اس پروجیکٹ کا افتتاح عمل میں آیا ہے لیکن بی جے پی ترقی کے بجائے نام پر توجہ دے رہی ہے۔

شیخ نے مزید کہا کہ عظیم تاریخی شخصیات کی مذہب کے نام پر تقسیم کرنا، منافرت پھیلاکر پولرائزیشن کی سیاست کرنا بی جے پی کی غلیظ اور گھٹیا ذہنیت کی علامت ہے۔