بیر بھوم تشدد:اسمبلی میں ہنگامہ،ہاتھا پائی، پانچ ممبرمعطل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-03-2022
 بیر بھوم تشدد:اسمبلی میں ہنگامہ،ہاتھا پائی پانچ ممبر معطل
بیر بھوم تشدد:اسمبلی میں ہنگامہ،ہاتھا پائی پانچ ممبر معطل

 


کولکتہ : مغربی بنگال اسمبلی میں پیر کو بی جے پی اور ٹی ایم سی کے ممبران اسمبلی کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔ بی جے پی ایم ایل اے بیر بھوم تشدد کیس پر بحث کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران دونوں طرف کے ایم ایل اے کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور ایم ایل اے ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑنے لگے۔ بی جے پی کے پانچ ممبران اسمبلی معطل ہوگئے۔

اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران ٹی ایم سی ممبر اسمبلی آسیت مجمدار زخمی ہو گئے۔ انہیں کولکتہ کے پی جی اسپتال کے ووڈ برن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔ سویندو ادھیکاری سمیت 5 بی جے پی ممبران اسمبلی کو اگلے نوٹس تک اسمبلی سے معطل کر دیا گیا ہے۔

 دوسری طرف مغربی بنگال کی اسمبلی میں تشدد کے بعد پیر کو لوک سبھا میں ہنگامہ ہوا۔ جس کے باعث ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

 بی جے پی نے ٹی ایم سی پر سنگین الزامات لگائے۔

بنگال اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر سی ایم ممتا بنرجی نے ریاست کے شہری ترقی کے وزیر فرہاد حکیم کو فون کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس پورے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسی دوران بی جے پی لیڈر شبیندو ادھیکاری نے الزام لگایا کہ ترنمول ایم ایل اے شوکت مولا اور دیگر خواتین ایم ایل اے نے اسمبلی کے سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مل کر بی جے پی ایم ایل اے پر حملہ کیا۔ ۔

کچھ لوگوں کو ایوان کے وقار کی کوئی پرواہ نہیں: اسپیکر

 بنگال اسمبلی کے اسپیکر بیمن بنرجی نے کہا، ’’ایوان میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو ایوان کے وقار کی کوئی پروا نہیں۔ وہ ودھان سبھا کی اہمیت کو نہیں سمجھتے اور ان کا مقصد صرف اسمبلی میں ہنگامہ کرنا ہے۔

ایجنسی ملزم کو پوچھ گچھ کے لیے سی بی آئی کیمپ لے گئی

سی بی آئی معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ایجنسی نے 22 لوگوں کو ملزم بنایا ہے۔ اتوار کو بھی ٹی ایم سی بلاک صدر انار الحسین سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی بی آئی کی ٹیم آج دوپہر بیر بھوم تشدد کے ملزمین کو جانچ کے لیے سی بی آئی کیمپ لے گئی۔ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ اس تشدد میں ٹی ایم سی کا کوئی کردار نہیں ہے، اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی سازش ہے۔