افغان وزیر خارجہ اور اجیت ڈووال ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-03-2021
افغان وزیر خارجہ این ایس اے  اجیت ڈووال کے ساتھ
افغان وزیر خارجہ این ایس اے اجیت ڈووال کے ساتھ

 

 

نئی دہلی

افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر ہندوستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے منگل کے روز قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال سے ملاقات کی اور دو طرفہ اور علاقائی تعاون کو بڑھانے اور افغانستان میں پائیدار امن کے حصول کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد محمد حنیف اتمر نے ٹویٹر پر کہا کہ دونوں فریقین نے سلامتی کے مشترکہ چیلنجوں کے ساتھ سیاسی ، سلامتی اور معاشی شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اپنے پیارے دوست اور ہندوستان کے این ایس اے اجیت ڈووال سے مل کر خوشی ہوئی۔ سیاسی ، سلامتی اور دیگر شعبوں میں ہمارے تعاون پر سر حاصل گفتگو ہوئی۔ ہم نے مشترکہ سلامتی چیلنجوں اور افغانستان میں دیرپا امن کے حصول کے لئے دو طرفہ اور علاقائی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل آج محمد حنیف اتمر نے مرکزی وزیر خارجہ ایس کے جے شنکر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات میں توسیع اور افغانستان میں قیام امن کے مسائل زیر غور آئے ۔

واضح رہے کہ اتمر پیر کے روز ہندوستان کے ساتھ متعدد امور پر تبادلہ خیال کے لئے تین روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے تھے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر خارجہ ایس کے جے شنکر کو دوحہ میں افغان امن عمل شروع کرنے کی بین الاقوامی کوششوں اور افغانستان کے بارے میں گذشتہ ہفتے ماسکو کانفرنس کے نتائج سے آگاہ کیا۔

دونوں فریقین نے ماسکو میں ٹرآئیکا امن اجلاس کا جائزہ لیا اور امن عمل کو مستحکم اور آگے بڑھانے کے لئے اجلاس کے حتمی اعلان کا خیرمقدم کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت افغانستان میں امن اور ترقی کی کانفرنسوں میں شرکت اور تاجکستان میں ہارٹ آف ایشیاء- استنبول عمل اور ترکی میں امن مذاکرات سے متعلق کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے تیار ہے۔

گذشتہ ہفتے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن ہندوستان تشریف لائے اور پھر افغانستان گئے۔ امریکی انتظامیہ کو افغانستان میں آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں فیصلہ کرنا ہے ، خاص طور پر اس بات پر کہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں اتفاق رائے کے ساتھ یکم مئی تک تمام امریکی فوجیوں کو واپس بلا لیا جائے گا یا نہیں ۔

اتمر نے افغانستان کو 3 ارب ڈالر کی معاشی اور ترقیاتی امداد فراہم کرنے کے لئے گذشتہ دو دہائیوں کے دوران ہندوستان کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کورونا وائرس ویکسین کی 500،000 خوراک کی فراہمی اور افغانستان کو 75،000 ٹن گندم کی فراہمی پر بھی ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔

شتوت ڈیم کا ذکر کرتے ہوئے اتمر نے اس کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے میں ہندوستان کے عزم اور تعاون کی تعریف کی۔