بہاراسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کا سرور کریش ہونے سے طلبا پریشان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ
بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ

 

 

پڈنہ :بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کا سرور اچانک کریش ہو گیا ہے، اس وجہ سے طلبا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ دنوں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ نے فوقانیہ اور مولوی کے لئے آن لائن رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا کہ خواہشمند امیدوار 12جولائی سے 30جولائی2021 کے درمیان ان دونوں جما عتوں کے لئے آن لائن رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔

ریاست کے مختلف مقامات سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مدرسہ بورڈ کا سرور اتناڈاون ہے کہ گھنٹوں میں ایک فارم کے اندراجات اپ لوڈ ہوپارہے ہیں۔

آن لائن فارم بھیجنے کے لئے بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی پریشان ہورہے ہیں۔ کسی بھی طرح فارم بھیجا سکے والدین اپنے بچوں کے ساتھ ایک کیفے سے دوسرے کیفے کی جانب بھاگ رہے ہیں، لیکن تب بھی ان کے فارم اپ لوڈ نہیں ہوپارہے ہیں۔

ضلع مدھوبنی میں سائبر کیفے چلانے والے ایم یو انصاری نے آج بتایا کہ بورڈ کا سرور اتنا ڈاون ہے کہ گزشتہ 10-11دنوں میں صرف پانچ بچوں کے فارم آن لائن پر کئے جاسکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں گز شتہ ایک ہفتہ سے بورڈ کے متعلقہ فون /موبائل نمبروں پربات کرنے کی کوشش کررہاہوں تب کہیں جاکر آج کسی صاحب نے نے بتایا کہ سرور میں کچھ خرابی آگئی ہے، ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،امید ہے سرور پیر سے ٹھیک ہوجائے گا۔

ذکی احمد جو گزشتہ 10سال سے سائبر کیفے چلارہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس وبائی دور میں کام دھندہ جو تقریباً ختم ہوچکا ہے، ایسے وقت میں جو تھوڑی بہت آمدنی کا ذریعہ ہے، اس کا یہی حال رہا تو لوگ کیسے جی سکیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں بمشکل 10فارم ہی بھیج پایا ہوں، بہار اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کے سرور کی سروس اتنی ناقص ہے کہ رجسٹریشن کرانے والے گھنٹوں بیٹھے رہتےہیں۔